نئی دہلی: ہندستانی سنیما کی کئی نامور اور یادگار شخصیات کو پدم ایوارڈز 2026 سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان یومِ جمہوریہ کی شام وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی سرکاری فہرست کے ذریعے کیا گیا۔
ہندی فلموں کے لیجنڈری اداکار دھرمندر جن کا 24 نومبر 2025 کو انتقال ہوا تھا اور جنہوں نے فلمی دنیا میں ناقابلِ تلافی خلا چھوڑا کو بعد از مرگ ہندستان کے دوسرے بڑے شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا ہے۔
اسی طرح سینئر ملیالم اداکار مموٹی اور مشہور پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک کو ہندستان کے تیسرے اعلیٰ ترین اعزاز پدم بھوشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ تمام اعزازات بعد میں راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں پیش کیے جائیں گے۔
اداکار آر مادھون کو ہندستانی سنیما میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں پدم شری دیا جائے گا۔ ہندی، تمل اور تیلگو فلموں میں اپنی ورسٹائل اداکاری کے لیے معروف مادھون نے بالی ووڈ میں فلم رہنا ہے تیرے دل میں سے قدم رکھا تھا جبکہ منی رتنم کی فلم الائی پوتھے سے انہیں خاص پہچان ملی۔
پدم شری کا اعزاز بعد از مرگ سینئر اداکار ستیش شاہ کو بھی دیا جائے گا جن کا گزشتہ برس 25 اکتوبر کو انتقال ہوا تھا۔
بھارتی اشتہاری دنیا کے لیجنڈ پیوش پانڈے کو دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف میں بعد از مرگ پدم بھوشن سے نوازا گیا ہے۔ پیوش پانڈے کا انتقال 24 اکتوبر 2025 کو 70 برس کی عمر میں ہوا تھا۔
ادھر بنگالی سنیما کے ممتاز اداکار پروسنجیت چٹرجی کو فنونِ لطیفہ میں خدمات کے اعتراف میں پدم شری دیا جائے گا۔
سال 2026 کے لیے صدرِ جمہوریہ نے مجموعی طور پر 131 پدم ایوارڈز کی منظوری دی ہے جن میں 5 پدم وبھوشن، 13 پدم بھوشن اور 113 پدم شری شامل ہیں۔ ان میں 16 اعزازات بعد از مرگ دیے جائیں گے جبکہ 19 خواتین کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔