(اجیت رائے، کانز، فرانس سے)
ہالی ووڈ کے ممتاز فلم ساز کوئنٹن ٹیرنٹینو نے دنیا بھر سے آئے ہوئے فلمی ستاروں اور شخصیات کی موجودگی میں گرانڈ تھیئتر لومیئر میں 78ویں کانز فلم فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ اس تاریخی فلمی میلے کے آغاز کا اعلان کر رہے ہیں۔
تقریب کا آغاز فرانس کی نوجوان فلم ساز ایمیلی بونن کی فلم "Partir un Jour"(Leave One Day) کی نمائش سے ہوا۔
اس سے قبل ہالی ووڈ سپر اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو نے معروف اداکار رابرٹ ڈی نیرو کو آنریری پام دی آور سے نوازا۔ اس موقع پر اداکارہ جولیئٹ بینوش کی صدارت میں قائم جیوری کا تعارف کرایا گیا، جس میں بھارتی فلم ساز پائل کپاڈیا بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ان کی فلم "All We Imagine as Light"کو گزشتہ سال کانز فلم فیسٹیول کا دوسرا سب سے بڑا اعزاز گران پری دیا گیا تھا۔
کانز فلم فیسٹیول کی 78 سالہ تاریخ میں بہت کم بھارتی فلم سازوں کو مرکزی جیوری میں شامل کیا گیا ہے۔ پائل کپاڈیا کی شمولیت بھارتی سنیما کے لیے ایک فخر کی بات ہے۔
لیونارڈو ڈی کیپریو نے رابرٹ ڈی نیرو کے اعزاز میں کہا:
"وہ دنیا بھر کے اداکاروں کے لیے رول ماڈل بن چکے ہیں۔ انہوں نے اداکاری کی تعریف ہی بدل دی ہے۔ دنیا بھر کے نوجوان اداکاروں کے لیے ڈی نیرو کا کام دیکھنا ایک عملی تربیت ہے کہ کردار میں ڈھلتے ہوئے جسمانی اور جذباتی تبدیلی کیسے لائی جاتی ہے۔ وہ اداکاری میں کلاسک حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی نیرو نے Taxi Driver، Godfather II، The Deer Hunter، Killers of the Flower Moonجیسی فلموں میں بعض اوقات ایک لفظ کہے بغیر پوری کہانی سنا دی، جو کہ فن کی انتہا ہے۔
ڈی کیپریو نے ڈی نیرو اور ہدایتکار مارٹن سکورسیزی کے ساتھ فلم "Killers of the Flower Moon"میں کام کے تجربات کو اپنی زندگی کا سب سے اہم وقت قرار دیا۔
رابرٹ ڈی نیرو نے اپنی تقریر کی ابتدا امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید سے کی۔
انہوں نے امریکہ سے باہر بننے والی فلموں پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے ٹرمپ کے اعلان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سنیما کی عالمی برادری کو ٹرمپ کے اس فیصلے کے خلاف مہم چلانی چاہیے، اور انہیں ووٹ کے ذریعے اقتدار سے ہٹانا چاہیے تاکہ جمہوریت محفوظ رہ سکے۔
ڈی نیرو نے کہا، "امریکہ میں جمہوریت جہنم کی طرف جا چکی ہے اور فنون لطیفہ خطرے میں ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے تعلیم، ثقافت اور فنون کے بجٹ میں بھاری کٹوتی کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا بھر کے آمروں کو سب سے زیادہ خوف فن اور سنیما سے ہوتا ہے۔ یہ صرف امریکہ کا مسئلہ نہیں، پوری دنیا میں یہی ہو رہا ہے۔ سنیما اور فنون کی آزادی خطرے میں ہے اور ہمیں متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔"
انہوں نے کانز فلم فیسٹیول کے ساتھ اپنے پچاس سالہ تعلق کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی بار 1973 میں کانز آئے تھے، اور تب سے یہ فیسٹیول خیالات کی آزادی کا مظہر رہا ہے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ایک خصوصی ماسٹر کلاس بھی منعقد کی جا رہی ہے۔
جیوری کی صدر جولیئٹ بینوش نے دنیا بھر میں فنکاروں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، "غزہ کی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسون 16 اپریل کو ایک میزائل حملے میں اپنے خاندان کے 10 افراد کے ساتھ جاں بحق ہو گئیں۔ موت سے ایک دن پہلے ہی انہیں اطلاع ملی تھی کہ ان کی فلم کانز میں منتخب ہوئی ہے۔ انہوں نے لکھا: ’موت میرے جسم سے گزر گئی، گولی مجھے پار کر گئی اور میں فرشتہ بن گئی۔‘ آج فاطمہ کو یہاں ہمارے ساتھ ہونا چاہیے تھا۔"
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے فلم سازوں کو فنکاروں پر ہو رہے مظالم کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنی ہوگی۔
اسی موقع پر ہالی ووڈ کے مشہور فلم ساز ڈیوڈ لنچ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اداکار ٹام کروزکی نئی فلم "Mission Impossible – The Final Reckoning"کے عالمی پریمیئر نے بھی فیسٹیول میں خوب توجہ حاصل کی۔
اس فلم کی ہدایتکاری کرسٹوفر میک کوئری نے کی ہے، جن کے ساتھ بھی ایک خصوصی ماسٹر کلاس منعقد کی جا رہی ہے۔
گزشتہ سال کانز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ورچوئل رئیلٹی پر مبنی فلموں کے لیے ‘ایمرسیو مقابلہ’کے نام سے ایک نیا شعبہ متعارف کرایا گیا تھا، جو بہت کامیاب رہا۔ اس سال بھی اس شعبے میں نو فلمیں پیش کی جا رہی ہیں۔ ان کے علاوہ نوجوان تخلیق کاروں کی آڈیو ویژوئل اور ٹیکنالوجی پر مبنی کئی منصوبوں کی نمائش بھی کی گئی ہے۔