بولی ووڈ اداکارہ انیکتا لوکھنڈے کی ہوگئی شادی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
بولی ووڈ اداکارہ انیکتا لوکھنڈے کی ہوگئی شادی
بولی ووڈ اداکارہ انیکتا لوکھنڈے کی ہوگئی شادی

 

 

آواز دی وائس، انٹرٹینمنٹ ڈیسک

آنجھانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی سابق محبوبہ اور بولی ووڈ اداکارہ انیکتا لوکھنڈے نے کاروباری شخص وکی جین سے شادی کرلی۔ اداکارہ نے 14 اور 15 دسمبر کی درمیانی شب انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔

اداکارہ نے شادی کی متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے رومانوی کیپشن بھی لکھا کہ ’محبت پر سکون ہے مگر ان سے صبر نہیں ہو رہا‘ اداکارہ نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ دسمبر کے وسط تک بوائے فرینڈ وکی جین سے رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔

 

 ذرائع کے مطابق دونوں کی شادی کی مرکزی تقریب 14 دسمبر2021 کی شام ممبئی کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں متعدد شوبز شخصیات نے شرکت کی۔ ان کی شادی کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر خوب وائرل ہوئیں اور متعدد شوبز شخصیات نے انکتا لوکھنڈے کو نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

انیکتا لوکھنڈے کے جیون ساتھی وکی جین کا تعلق ریاست چھتیس گڑھ سے ہے، تاہم ان کی زیادہ تر زندگی ممبئی میں ہی گزری ہے اور وہ کاروباری شخص ہیں۔ انکتا لوکھنڈے نے2007 سے ٹیلی وژن سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، ابتدائی طور پر وہ ریئلٹی شوز میں شریک ہوتی رہیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔

انیکتا لوکھنڈے نے ایک درجن کے قریب ڈراموں میں کام کیا ہے جب کہ ان کی کم از کم دو بولی وڈ فلمیں ’مانیکا کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی اور باغی تھری‘ بھی ریلیز ہو چکی ہیں۔ انیکتا لوکھنڈے نے اداکاری سے زیادہ اپنے رومانس کی وجہ سے شہرت حاصل کی، وہ کچھ عرصے تک جون 2020 میں خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ بھی تعلقات میں رہیں۔

سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد انکتا لوکھنڈے نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی قربانیوں نے ہی سشانت کو ایک کامیاب اداکار بنایا۔

انیکتا لوکھنڈے نے مارچ 2021 میں دیے گئے انٹرویو میں یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ انہوں نے سوشانت کی محبت کی خاطر بڑی بڑی فلموں کی پیش کش ٹھکرایا۔

اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ انہیں کم از کم 2 بار فلموں میں کام کے بدلے جنسی تعلقات کی پیش کش بھی کی گئی تاہم انہوں نے ایسے کام سے انکار کیا۔