نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپر اسٹار دھرمیندر کا 24 نومبر کو انتقال ہو گیا تھا، جس کے بعد 27 نومبر کو سنی دیول اور ان کے خاندان نے والد کے لیے ایک دعائیہ اجتماع (پریئر میٹ) رکھا، جس میں بالی ووڈ کے معروف ستاروں سلمان خان، شاہ رخ خان سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ تاہم شائقین کے لیے دھرمیندر کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر سنی دیول اور بوبی دیول نے ایک خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا تھا، جو دھرمیندر کے جوہو واقع بنگلے میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سنی اور بوبی کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد بھی نظر آئے۔ اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک تصویر سامنے آئی ہے، جس میں بوبی دیول کو اپنے والد دھرمیندر کی شرٹ پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس پوسٹ میں ایک جانب دھرمیندر کی وہ تصویر ہے، جس میں انہوں نے وہی شرٹ پہن رکھی ہے، جو ان کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر بوبی دیول نے زیب تن کی۔ تصویر میں باپ بیٹا کیمرے کی طرف پوز دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ یہ پوسٹ دیکھ کر شائقین نے دل والے ایموجیز کے ساتھ جذباتی ردِعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ وقت کا پتہ ہی نہیں چلا کہ کب گزر گیا۔” دوسرے نے لکھا کہ دھرم جی کی یاد تازہ ہو گئی۔” ایک اور صارف نے کہا، “بوبی کی عمر اتنی ہو گئی، احساس ہی نہیں ہوا۔
دھرمیندر کے چھوٹے بیٹے ہیں بوبی دیول
جیسا کہ معلوم ہے، دھرمیندر کی پہلی اہلیہ پرکاش کور سے ان کے چار بچے ہیں—سنی دیول، بوبی دیول، اجیتا اور وجیتا۔ جہاں اداکاری کی دنیا میں سنی اور بوبی معروف نام ہیں، وہیں اجیتا اور وجیتا چکاچوند سے دور رہتی ہیں۔ کام کے محاذ کی بات کریں تو بوبی دیول نے منفی کردار ادا کر کے اپنے کیریئر کی ایک نئی اننگ شروع کی ہے۔ ان کی آئندہ فلموں میں جن نائگن، وائی آر ایف کی اسپائی تھرلر ‘الفا’ اور ہاؤس فل 5 شامل ہیں، جو 2026 میں ریلیز ہونے والی ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ حال ہی میں ایشا دیول نے دہلی میں والد دھرمیندر کی پریئر میٹ کے بعد ایک پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے دھرمیندر کی پہلی اہلیہ پرکاش کور کے ساتھ ساتھ بھائی سنی دیول اور بوبی دیول کی جھلک بھی دکھائی تھی۔