ممبئی/ آواز دی وائس
بگ باس 19’ کا خطاب گورو کھنہ نے اپنے نام کر لیا! طویل اور طوفانی سفر کے بعد گورو نے ٹرافی کے ساتھ 50 لاکھ روپے نقد رقم اور ایک شاندار کار بھی جیت لی۔ گھر کے اندر مہینوں تک ہنگامہ، جھگڑے اور چیخ پکار چلتی رہی، لیکن گورو کھنہ نے ہمیشہ سکون اور وقار کا راستہ اپنایا۔ یہی ان کی سب سے بڑی طاقت ثابت ہوئی۔ شروع سے لے کر آخر تک گورونے نہ کبھی کسی سے بڑی لڑائی کی اور نہ ہی غیر ضروری ڈراما کیا۔ وہ خاموشی سے دیکھتے، سمجھتے اور صحیح وقت پر صحیح بات کہتے تھے۔ ‘ٹکٹ ٹو فِنالے’ ٹاسک اس کی سب سے بڑی مثال تھا۔
فِنالے تک کیسے پہنچے گورو کھنہ؟
ایک بھاری پانی سے بھرا پیالہ کندھے پر رکھ کر لکڑی کی تختی کو سنبھال کر رکھنا تھا۔ جہاں باقی لوگ گھبرا کر ہار مان گئے، وہیں گورَو نے صبر نہیں چھوڑا اور آخر تک جمے رہے۔ اس جیت نے انہیں براہِ راست فِنالے کی دوڑ میں مضبوط کر دیا۔ ایک اور یادگار لمحہ وہ تھا جب ویک اینڈ کا وار میں سلمان خان نے گورو کھنہ کو “ٹی وی کا سُپر اسٹار” کہا۔ کچھ کنٹسٹنٹس نے ان کے ٹی وی کیریئر پر طنز کیا تھا، لیکن سلمان نے سب کے سامنے گورَو کے 20 سالہ جدوجہد اور شرافت کی تعریف کی۔ اسی لمحے ناظرین کا دل پوری طرح گورو کی طرف ہو گیا۔
گورو کھنہ نے نبھائی سچی دوستی
گھر میں لوگ انہیں کمزور سمجھتے تھے، لیکن حقیقت یہ تھی کہ گورو بہت سوچ سمجھ کر کھیل رہے تھے۔ پرنیت مورے اور مِردُل تِیواری جیسے دوستوں کے ساتھ ان کا رشتہ بالکل صاف اور دل سے جڑا ہوا تھا۔ وہ کیمرے کے لیے نہیں بلکہ خلوص سے دوستی نبھاتے تھے۔ حتیٰ کہ بچے نہ کرنے کے اپنے ذاتی فیصلے پر بھی انہوں نے کھل کر اور جذباتی انداز میں بات کی، جس سے لاکھوں لوگ ان سے جڑ گئے۔ سلمان خان نے تو انہیں “گرین فلیگ ایمبیسڈر” تک کہہ دیا۔