ممبئی:بالی ووڈ کی معروف اداکارائیں پرینکا چوپڑا جوناس اور بپاشا باسو نے سال 2005 کی فلم برسات کے مشہور گانے تیری دلہن سجاؤں گی میں یادگار پرفارمنس دی تھی۔فلم کی ریلیز کے تقریباً دو دہائی بعد یہ گانا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مقبول ہو گیا ہے اور مختلف پلیٹ فارمز پر ایک وائرل ٹرینڈ بن چکا ہے۔ مداح بڑی تعداد میں اس گانے پر ڈانس ویڈیوز بنا رہے ہیں جس پر پرینکا چوپڑا نے بھی خوشگوار ردعمل دیا۔
پرینکا نے مداحوں کی بنائی گئی تفریحی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بپاشا باسو اور بوبی دیول کو ٹیگ کیا اور لکھا کہ کیا برسات نیا ٹرینڈ بن گئی ہے۔ایک اور اسٹوری میں انہوں نے بپاشا کا خصوصی ذکر کیا اور لکھا کہ یہ سب بچے ہیں۔ اس پر فلم الون کی اداکارہ بپاشا باسو نے فوری جواب دیا اور کہا کہ اور اب ہاٹ ماماز۔
سال 2005 کی فلم برسات میں بوبی دیول نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ بپاشا باسو اور پرینکا چوپڑا ان کے مدمقابل نظر آئیں۔ فلم کی ہدایتکاری سنیل درشن نے کی تھی۔ کہانی ایک پرجوش نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو کاریں ڈیزائن کرنے کا خواب دیکھتا ہے۔ اس کی زندگی اس وقت نیا رخ اختیار کرتی ہے جب وہ تین سال کی شادی کے باوجود انا سے محبت کر بیٹھتا ہے جبکہ اس کی بیوی کاجل ہوتی ہے۔
پرینکا چوپڑا جو سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں حال ہی میں انہوں نے انٹرنیٹ کے نوستالجک رجحان میں بھی حصہ لیا اور سال 2016 کی یادیں تازہ کیں۔سال 2016 کے ٹرینڈ میں شامل ہوتے ہوئے پرینکا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پرانی تصاویر کی ایک سیریز شیئر کی جسے ان کی زندگی کے اہم ترین سالوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
کام کے محاذ پر پرینکا چوپڑا اگلی بار قزاقوں پر مبنی فلم دی بلف میں نظر آئیں گی۔ اس فلم میں وہ بلڈی میری نامی مضبوط کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ فلم 25 فروری سے پرائم ویڈیو پر اسٹریم کی جائے گی۔بپاشا باسو کافی عرصے سے فلموں سے دور ہیں۔ بیٹی کی پیدائش کے بعد انہوں نے ماں کے کردار کو ترجیح دی ہے اور اپنی زیادہ تر توجہ بیٹی دیوی کی پرورش پر مرکوز کر رکھی ہے۔