اے آر رحمان کو لکشمی نارائن انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا جائے گا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-12-2025
اے آر رحمان کو لکشمی نارائن انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا جائے گا
اے آر رحمان کو لکشمی نارائن انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا جائے گا

 



چنئی/ آواز دی وائس
معروف موسیقار اور عالمی شہرت یافتہ فنکار اے آر رحمان کو لکشمی نارائن انٹرنیشنل ایوارڈ سے 15 دسمبر 2025 کو نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز لکشمی نارائنہ گلوبل میوزک فیسٹیول 2025 کے کرٹن ریزر پروگرام کے دوران پیش کیا جائے گا۔
لکشمی نارائنہ انٹرنیشنل ایوارڈ اُن عظیم فنکاروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے فنونِ لطیفہ کے شعبے میں غیر معمولی خدمات انجام دی ہوں۔ اس برس یہ اعزاز آسکر یافتہ موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کو پیش کیا جائے گا۔
یہ تقریب پیر، 15 دسمبر 2025، دوپہر 2 بجے، چنئی کے راسیکا رنجنی سبھا میں منعقد ہوگی، جو فیسٹیول کے 35ویں سال کا افتتاحی ایونٹ بھی ہوگا۔ دو مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے اور عالمی موسیقی کے درخشاں چہرے اے آر رحمان نے ہندوستانی سنیما کے موسیقیاتی انداز کو نئی جہت دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے 100 سے زائد فلمی ساؤنڈ ٹریکس اور البمز پر کام کیا، اور ان کی 150 ملین سے زیادہ ریکارڈنگز فروخت ہو چکی ہیں۔ ان کے مشہور کارناموں میں روجا، بمبئی، دل سے، تال، لگان، سلم ڈاگ ملینیئر اور 127 آورز شامل ہیں۔
ٹرنٹی کالج میں ویسٹرن کلاسیکل موسیقی کی تربیت حاصل کرنے والے رحمان نے چنئی میں پنچتھن ریکارڈ اِن کی بنیاد رکھی اور روجا کے ساتھ اپنے کیریئر کا تاریخی آغاز کیا، جس پر انہیں نیشنل ایوارڈ ملا اور بعد میں انہوں نے مزید چھ ایوارڈ جیتے، جو کسی بھی ہندوستانی موسیقار کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔
وہ پدم شری اور پدم بھوشن کے اعزازات سے بھی نوازے جا چکے ہیں۔
سنیما سے باہر بھی اے آر رحمان مسلسل جدت اور تخلیق کے سفر میں مصروف ہیں—چاہے وہ ان کی وی آر فلم لے مسک ہو یا  کے ایم میوزک کنزرویٹری، سن شائن آرکسٹرا، فردوس آرکسٹرا، رؤحِ نور اور جھلا جیسے پروجیکٹس کے ذریعے نئی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہو۔
اے آر رحمان فاؤنڈیشن کے ذریعے وہ تعلیم اور فلاحی کاموں میں بھی سرگرم ہیں۔ ٹائم میگزین کی 100 بااثر ترین شخصیات میں شامل کیے جانے اور 2024 میں ٹرنٹی لیبن کے اعزازی صدر مقرر ہونے کے بعد رحمان عالمی موسیقی کی دنیا میں ایک پل کی حیثیت رکھتے ہیں جو روایت، ٹیکنالوجی اور ثقافت کو یکجا کرتے ہیں۔