شاہ رخ خان کی فلاحی تنظیم کی جانب سے انجلی سنگھ کے خاندان کی مدد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
شاہ رخ خان کی فلاحی تنظیم کی جانب سے انجلی سنگھ کے خاندان کی مدد
شاہ رخ خان کی فلاحی تنظیم کی جانب سے انجلی سنگھ کے خاندان کی مدد

 

 

ممبئی: بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان کی ’میر فاؤنڈیشن‘ نے نئی دہلی میں روڈ حادثے میں ہلاک ہونے والی خاتون انجلی سنگھ کی فیملی کی مدد کی ہے-  میر فاؤنڈیشن نے انجلی سنگھ کی والدہ کو رقم عطیہ کی ہے۔

شاہ رخ خان کی فاؤنڈیشن نے انجلی سنگھ کی فیملی کو دی جانے والی رقم کو ظاہر نہیں کیا تاہم بتایا گیا ہے کہ اس امداد کا مقصد ہلاک ہونے والی خاتون کی والدہ اور بہن بھائیوں کی مدد کرنا ہے۔

یاد رہے کہ یکم جنوری کو انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں 20 سالہ خاتون سکوٹر چلاتے ہوئے ایک خوفناک حادثے میں کار کے نیچے آ کر کچلی گئی تھیں۔ میڈیا کے مطابق خاتون کی شناخت انجلی سنگھ کے نام سے ہوئی اور کار انہیں کئی کلومیٹر تک گھسیٹتی چلی گئی تھی۔

انجلی سنگھ اپنے گھر کی واحد خود کفیل تھی اور ایک بیوٹی سیلون میں کام کرتی تھی۔ سنہ 2013 میں شاہ رخ خان نے اپنے والد میر تاج محمد خان کے نام پر اس فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی تھی جس کے تحت غریب بالخصوص تیزاب گردی سے متاثرہ خواتین کی بہبود کا کام کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب شاہ رخ خان 4 برس بعد بڑی سکرین پر بھی آنے کو تیار ہیں۔ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری کو ریلیز ہوگی جبکہ اس کا ٹریلر منگل کے روز یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا