امیتابھ بچن فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
امیتابھ بچن فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے
امیتابھ بچن فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے

 

 ممبئی :بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوبی ہند میں فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے اور اب گھر پر ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ 80 سالہ فنکار نے اتوار کی شام اپنے بلاگ پر پوسٹ کہ انہیں حیدرآباد میں سائنس فکشن فلم "پروجیکٹ کے" کی شوٹنگ کے دوران پسلی میں چوٹ آئی تھی۔اس فلم میں دیپیکا پڈوکون بھی مرکزی کردار ادا کریں گی۔

فلم ہندی اور تیلگو دونوں زبانوں میں تیار کی جائے گی اور اسے 2024 میں ریلیز کیا جائے گا۔ امیتابھ بچن نے لکھا کہ انہیں پسلیوں کے کارٹلیج کے فریکچر کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ پٹھوں کے ٹوٹنے سے یہ چوٹ "تکلیف دہ" ہو گئی۔ انہوں نے ممبئی میں اپنے گھر واپس آنے سے پہلے ایک ڈاکٹر سے مشورہ کیا تھا جس نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے لکھا ’’میں آج شام آپ سے نہیں مل سکوں گا، اس لیے مت آئیں۔ سب کچھ ٹھیک ہے۔‘‘ عالمی سطح پر مقبول اداکار نے یہ بات اپنے ان مداحوں کے لیے کی جو اکثر ممبئی میں اداکار کو دیکھنے کے لیے ان کے گھر کے باہر جمع ہوتے ہیں۔ امیتابھ بچن نے بتایا کہ ان کے صحت یاب ہونے تک فلم بندی رک گئی ہے۔

خیال رہے کہ امیتابھ بچن نے 1969 میں فلم سات ہندوستانی سے اپنی فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔ انہیں شہرت 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم آنند سے ملی جس میں ان کے کردار کو فلم فیئر کا بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ امیتابھ بچن نے گزشتہ 5 دہائیوں میں 200 سے زیادہ بھارتی فلموں میں کام کیا۔ اس کے ساتھ ہی امیتابھ بچن بھارت کے سابق سیاست دان اور ٹی وی میزبان بھی ہیں اور ان کا پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کافی مشہور ہوا۔ اداکار کو 3 بار نیشنل فلم ایوارڈ اور 12 بار فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا جبکہ دیگر لاتعداد اعزازات سے نوازا گیا ہے۔