ممبئی:بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن نے اپنی صحت سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی "سرجری" سے متعلق حالیہ بلاگ پوسٹ کو غلط انداز میں سمجھا گیا۔
21 جولائی کو اپنے بلاگ میں امیتابھ بچن نے اسپتال میں داخل ہونے، گھر واپسی، صحت یابی اور آئی سی یو میں قیام کا ذکر کیا تھا۔ اس کے بعد مداح ان کی صحت کو لے کر شدید فکر مند ہوگئے اور سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
بعد ازاں نئی بلاگ پوسٹ میں امیتابھ بچن نے واضح کیا کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں نہیں بلکہ 2026 فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی شکست کی مثال دے رہے تھے۔
انہوں نے لکھا:"میں بالکل ٹھیک ہوں۔ میری پوسٹ کو غلط سمجھا گیا۔ میں صرف یہ مثال دے رہا تھا کہ سرجری یا آئی سی یو کے بعد سب سے مشکل مرحلہ گھر واپس آکر اپنی کمزور حالت کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔ اسی طرح جب کوئی چیمپئن شکست کھاتا ہے تو اسے اپنی اس کیفیت سے گزرنا پڑتا ہے۔ میری بات ارجنٹینا کی شکست اور میسی جیسے چیمپئن کے بارے میں تھی لیکن لوگوں نے سمجھا کہ میں اپنی بات کر رہا ہوں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ہر چیمپئن کو یہ حقیقت قبول کرنی پڑتی ہے کہ وقت کے ساتھ کوئی نیا چیمپئن سامنے آتا ہے۔امیتابھ بچن نے انسانی جسم کی سرجری کے بعد بحالی کے عمل کو ارجنٹینا کی واپسی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ جسم اگرچہ پہلے جیسا نہیں رہتا لیکن محنت اور عزم کے ساتھ دوبارہ بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہے۔ اسی طرح ایک چیمپئن بھی شکست کے بعد دوبارہ اٹھ کھڑا ہو سکتا ہے اور کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اپنی گزشتہ پوسٹ میں امیتابھ بچن نے لکھا تھا کہ وہ اسپتال میں سرجری اور آئی سی یو کے بعد ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہے اور پھر انہیں گھر جانے کی اجازت مل گئی۔ اسی جملے کو مداحوں نے ان کی ذاتی صحت سے جوڑ لیا تھا۔کام کے محاذ پر امیتابھ بچن آخری بار فلم "کالکی 2898 اے ڈی" میں نظر آئے تھے، جس کی ہدایت کاری ناگ اشون نے کی تھی۔ فلم میں پربھاس، دپیکا پڈوکون اور کمل ہاسن بھی اہم کرداروں میں شامل تھے۔