اکشے کھنہ سیٹ پر اچھے انسان نہیں تھے: فرح خان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-03-2026
اکشے کھنہ سیٹ پر اچھے انسان نہیں تھے: فرح خان
اکشے کھنہ سیٹ پر اچھے انسان نہیں تھے: فرح خان

 



نئی دہلی
ہدایتکار آدتیہ دھر کی فلم دھورندھر کی وجہ سے ان دنوں اداکار اکشے کھنہ کافی خبروں میں ہیں۔ اس فلم میں انہوں نے رحمان ڈاکو کا کردار ادا کیا تھا جو ناظرین میں خاصا مقبول ہوا۔ اس کردار کے باعث اکشے کھنہ کی مقبولیت میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اسی دوران فلم تیس مار خان کی ہدایتکار فرح خان  جس میں اکشے کھنہ نے کام کیا تھا  نے حال ہی میں ان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنے سے گریز کرنے لگی تھیں۔
فرح خان اکشے کھنہ کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی تھیں
فرح خان نے رنویئر الہ آبادیہ کے پوڈکاسٹ میں 1990 کی دہائی میں اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو مشکل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں سیٹ پر اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں تھا، جس کی وجہ سے ان کے ساتھ کام کرنا کافی چیلنجنگ ہو گیا تھا۔ فرح خان نے بتایا کہ اس وقت اکشے کھنہ بالوں کے گرنے کے مسئلے سے گزر رہے تھے جس کے باعث وہ اکثر چڑچڑے رہتے تھے۔
فرح خان کو ہو گیا تھا صدمہ
انہوں نے کہا كہ نوّے کی دہائی میں میں نے اکشے کے ساتھ کچھ فلموں میں کام کیا اور اس کے بعد میں واقعی صدمے میں آ گئی تھی۔ کیونکہ وہ اس وقت بالکل مختلف انسان تھے۔ ہاں وہ کم گو یعنی انٹروورٹ تھے، لیکن سیٹ پر زیادہ خوشگوار مزاج نہیں تھے۔ جب بھی میں سنتی کہ کسی فلم میں اکشے کھنہ ہیں تو میں کہہ دیتی تھی کہ میرے پاس تاریخیں نہیں ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ اس وقت انہوں نے خود بھی کہا تھا کہ ان کے بال جھڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ چڑچڑے ہو گئے تھے۔ وہ چیزیں پھینک دیتے تھے اور کہتے تھے کہ یہ کیسا مکالمہ ہے۔ وہ اس وقت اسی طرح کے انسان تھے۔
اس فلم کے بعد اکشے کھنہ میں تبدیلی نظر آئی
فرح خان نے بتایا کہ جب وہ فرحان اختر کی فلم دل چاہتا ہے پر کام کر رہی تھیں تو اکشے کھنہ کے بارے میں ان کی رائے بدل گئی۔ چونکہ فرحان اختر ان کے کزن ہیں اس لیے وہ اس منصوبے کو انکار نہیں کر سکیں۔ انہوں نے کہا كہ اس وقت تک اکشے کھنہ مکمل طور پر بدل چکے تھے۔ انہوں نے اپنے بالوں کے مسئلے کو قبول کر لیا تھا۔ فلم ‘دل چاہتا ہے’ میں وہ بہت بے فکر اور پُراعتماد نظر آئے۔ اس سے پہلے اگر کسی منظر میں پانی یا بارش ہوتی تھی تو وہ ہمیشہ ٹوپی پہن لیتے تھے۔ آپ ان کے پرانے بارش والے گانے دیکھ لیں، جیسے فلم تال کا گانا۔ لیکن ‘دل چاہتا ہے’ کے بعد سب کچھ بدل گیا۔ وہ ایک بہترین ڈانسر بھی ہیں۔ اگر آپ ‘کوئی کہے کہتا رہے’ گانا دیکھیں تو وہ عامر خان اور سیف علی خان سے بھی بہتر رقص کرتے نظر آتے ہیں۔
فرح خان اور اکشے کھنہ کا رشتہ اب بدل چکا ہے
فرح خان نے بتایا کہ اب ان کے اور اکشے کھنہ کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اکشے کھنہ کو فلم دھورندھر کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی اور ان کے علی باغ والے گھر بھی گئیں۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلم تیس مار خان میں اکشے کھنہ کا کردار دراصل پہلے کئی اداکاروں کو پیش کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے اسے قبول نہیں کیا تھا۔