اداکار راج کپور کا بنگلہ فروخت، 500 کروڑ کا ہاؤسنگ پراجیکٹ بنے گا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-02-2023
اداکار راج کپور کا بنگلہ فروخت، 500 کروڑ کا ہاؤسنگ پراجیکٹ بنے گا
اداکار راج کپور کا بنگلہ فروخت، 500 کروڑ کا ہاؤسنگ پراجیکٹ بنے گا

 

 

ممبئی: بالی وُڈ کے لیجنڈری اداکار راج کپور کے ایک ایکڑ پر محیط بنگلے کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے خرید لیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق گودریج پراپرٹیز نے ممبئی میں واقع راج کپور کا ایک ایکڑ کا بنگلہ خریدا ہے جس پر 500 کروڑ مالیت کا ہاؤسنگ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق اس بنگلے کو راج کپور کی فیملی سے خریدا گیا ہے۔ گودریج پراپرٹیز کے ایگزیکیٹو چیئرمین پیروجشا گودریج کہتے ہیں کہ ’اس پورے زمین کا سائز ایک ایکڑ ہے۔

ہم یہاں پر ایک مہنگا ہاؤسنگ پراجیکٹ بنائیں گے۔ اس پراجیکٹ کی مالیت 500 کروڑ تک ہوگی۔‘ راج کپور کے بیٹے رندھیر کپور کہتے ہیں کہ ’چیمبور میں پراپرٹی کے لیے ہماری فیملی کے بہت جذبات ہیں اور اس کی تاریخی حیثیت ہے۔

ہم ایک مرتبہ پھر سے گودریج پراپرٹیز کے شکر گزار ہیں جو ہمارے اس تاریخی ورثے کو ترقی دے گا۔‘ اس سے قبل 2019 میں گودریج پراپرٹیز نے کپور خاندان کا ’آر کے سٹوڈیو‘ بھی خریدا تھا۔ سنہ 1924 میں پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہونے والے راج کپور کو ہندی فلم انڈسٹری کا عظیم فنکار مانا جاتا ہے۔

راج کپور انڈیا کی کپور فیملی کے پہلے سپر سٹار تھے۔ انہوں نے ’میرا نام جوکر‘، شری 420، آوارہ، سَنگم اور ’تیسری برسات‘ جیسی لازوال فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ راج کپور کے پاکستان کے شہر پشاور میں گھر کو صوبائی حکومت نے خرید کر تاریخی ورثے کے طور پر محفوظ کرنے کا کام شروع کیا تھا