عامر خان نے اپنی تیسری شادی کی تصدیق کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-06-2026
عامر خان نے اپنی تیسری شادی کی تصدیق کی
عامر خان نے اپنی تیسری شادی کی تصدیق کی

 



ممبئی
بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان اس سال تیسری بار شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار 5 جولائی کو اپنی دوست گوری اسپراٹ کے ساتھ ایک نجی تقریب میں شادی کریں گے۔ اس خاص موقع پر دونوں خاندانوں کے قریبی افراد ہی شریک ہوں گے۔ عامر اور گوری گزشتہ دو برس سے ایک دوسرے کو جانتے اور پسند کرتے ہیں، جبکہ تقریباً ایک سال سے ساتھ رہ رہے ہیں۔ دونوں کی ملاقات بنگلورو میں عامر کی کزن نزہت خان کے ذریعے ہوئی تھی۔ عامر نے اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے گوری کا تعارف اپنی "پارٹنر" کے طور پر کرایا تھا۔
گوری اسپراٹ پہلے بنگلورو کی ایک سیلون چین سے وابستہ تھیں، تاہم اب وہ عامر خان پروڈکشنز کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ عامر خان کئی مواقع پر یہ کہہ چکے ہیں کہ گوری کے ساتھ وہ خود کو زیادہ پُرسکون، مستحکم اور خوش محسوس کرتے ہیں۔ یہ عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔
عامر خان کی پہلی شادی 1986 میں رینا دتہ سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے آئرا خان اور جنید خان ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے 2005 میں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، جن سے ان کا ایک بیٹا آزاد راؤ خان ہے۔ تاہم 2021 میں عامر اور کرن نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب عامر خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی اور اسے انتہائی نجی رکھا جائے گا۔ اگرچہ مہمانوں کی مکمل فہرست سامنے نہیں آئی، تاہم قیاس آرائیاں ہیں کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر خان اور گوری اسپراٹ ایک دوسرے کو تقریباً 25 برس سے جانتے ہیں، لیکن ان کی محبت کی کہانی کا آغاز 2024 میں ہوا، جس کے بعد دونوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوتے گئے اور اب وہ شادی کے ذریعے اپنے رشتے کو نئی منزل دینے جا رہے ہیں۔