لندن: بالی ووڈ اداکار عامر خان نے واضح کیا ہے کہ ان کی 2009 کی سپر ہٹ فلم 'تھری ایڈیٹس' سونم وانگچک کی زندگی سے متاثر ہو کر نہیں بنائی گئی تھی۔ انہوں نے ساتھ ہی سونم وانگچک کی جاری بھوک ہڑتال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جلد اپنی ہڑتال ختم کر دیں گے۔
لندن انڈین فلم فیسٹیول کے ایک عوامی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ فلم میں فنسکھ وانگڈو کا کردار سونم وانگچک سے متاثر تھا۔
عامر خان نے کہا، "یہ درست نہیں ہے۔ یہ ایک غلط فہمی ہے۔ جب ہم 'تھری ایڈیٹس' پر کام کر رہے تھے، اس وقت میں سونم وانگچک کے بارے میں نہیں جانتا تھا۔ میں نے حال ہی میں چتور کا ویڈیو دیکھا۔ وہ غلط ہے۔ شاید وہ ایسا ہی سوچ رہا تھا، لیکن نہ راج کمار ہیرانی اور نہ ہی ابھیجات جوشی، جو فلم کے مصنف تھے، سونم وانگچک کے بارے میں جانتے تھے۔"
انہوں نے یہ بات فلم میں چتور کا کردار ادا کرنے والے اداکار اومی ویدیا کی حالیہ ویڈیو کے حوالے سے کہی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ فنسکھ وانگڈو کا کردار سونم وانگچک سے متاثر تھا۔
سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال سے متعلق سوال پر عامر خان نے کہا کہ انہیں وانگچک کی صحت اور زندگی کی فکر ہے۔
انہوں نے کہا، "ہم سب ان کی صحت اور زندگی کے لیے بہت فکر مند ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ معاملہ خوش اسلوبی سے ختم ہو اور وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم کریں۔"
لندن انڈین فلم فیسٹیول اس سال اپنے 17ویں ایڈیشن کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے، جہاں عامر خان نے 16 جولائی کو ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔
ادھر اداکار اومی ویدیا نے بھی حال ہی میں ایک ویڈیو پیغام میں سونم وانگچک کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ "فنسکھ وانگڈو" کی حقیقی زندگی کا انجام افسوسناک ہو۔
واضح رہے کہ لداخ سے تعلق رکھنے والے انجینئر، ماہر تعلیم اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نئی دہلی کے جنتر منتر پر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ملک بھر میں امتحانی بے ضابطگیوں اور نیٹ امتحان کے پرچہ لیک معاملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں۔
تازہ طبی اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی کی صبح سونم وانگچک کا وزن 56.55 کلوگرام ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ 24 گھنٹوں میں 350 گرام کم ہوا ہے۔ ان کا بلڈ پریشر 108/68، خون میں شکر کی مقدار 70 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر اور نبض 72 فی منٹ ریکارڈ کی گئی۔