عامر خان نے بھائی فیصل خان سے ٹوٹے تعلقات پر خاموشی توڑ دی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-01-2026
عامر خان نے بھائی فیصل خان سے ٹوٹے تعلقات پر خاموشی توڑ دی
عامر خان نے بھائی فیصل خان سے ٹوٹے تعلقات پر خاموشی توڑ دی

 



ممبئی/ آواز دی وائس
سال 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میلا‘ کو 25 سال مکمل ہونے پر اداکار عامر خان نے فلم کی خراب کارکردگی پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اُس وقت فلم کی ناکامی نے انہیں گہرے طور پر متاثر کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی عامر نے اپنے بھائی فیصل خان کے ساتھ تعلقات پر بھی گفتگو کی۔ عامر نے یہ فلم فیصل کو دوبارہ لانچ کرنے کے مقصد سے بنائی تھی۔ دونوں بھائیوں کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے کشیدہ رہے ہیں۔ گزشتہ سال فیصل نے عامر اور پورے خاندان سے تمام رشتے توڑ لیے تھے اور ان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
ان الزامات پر ردِعمل دیتے ہوئے عامر خان نے بالی ووڈ ہنگامہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ کیا کریں؟ یہی میری قسمت ہے۔ آپ پوری دنیا سے لڑ سکتے ہیں، لیکن اپنے ہی خاندان سے کیسے لڑیں؟ یہ بیان فیصل کے اُس الزام کے بعد سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ عامر نے انہیں ممبئی کے گھر میں ایک سال سے زیادہ عرصے تک بند رکھّا۔ اس وقت عامر اور ان کے خاندان نے ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے فیصل کے الزامات کو “دردناک” قرار دیا تھا اور واضح کیا تھا کہ تمام فیصلے ڈاکٹروں کے مشورے پر اور پورے خاندان کی رضامندی سے کیے گئے تھے۔
فلم ’میلا‘ کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے عامر نے کہا کہ یقیناً مجھے اس بات کا بہت افسوس ہوا کہ فلم اپنی پوری صلاحیت تک نہیں پہنچ پائی۔ ہر فلم میرے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔ ’میلا‘ کی ناکامی نے مجھ پر گہرا اثر ڈالا۔ یہ فیصل کے لیے بھی مشکل تھا اور میرے لیے بھی۔ میری کوئی بھی فلم اپنی مکمل صلاحیت حاصل نہ کر پائے، یہ خیال مجھے بے چین کر دیتا ہے۔ پوری ٹیم نے بہت محنت کی تھی اور ہم سب مایوس تھے۔
سن 1996 میں دھرمیش درشن اور عامر خان نے پہلی بار ایک ساتھ کام کیا تھا۔ اُس وقت تک عامر قیامت سے قیامت تک، جو جیتا وہی سکندر، انداز اپنا اپنا اور رنگیلا جیسی فلموں کے ذریعے ایک قابلِ اعتماد اسٹار بن چکے تھے۔ دونوں نے مل کر ’راجا ہندوستانی‘ بنائی، جو باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ 5.75 کروڑ روپے کے بجٹ میں بنی اس فلم نے 76.34 کروڑ روپے کی کمائی کی، جس کے بعد دونوں نے دوبارہ ساتھ کام کرنے کا منصوبہ بنایا۔
اسی سال ’میلا‘ پر کام شروع ہوا، مگر اس بار عامر کا ایک ذاتی مقصد بھی تھا—اپنے بھائی فیصل خان کو لانچ کرنا۔ فیصل کی 1994 میں آئی فلم ’مدہوش‘ کامیاب نہیں ہوئی تھی اور ’میلا‘ ان کے لیے دوسرا موقع تھی۔
کئی لوگوں نے ’میلا‘ کو فلم ’شعلے‘ سے متاثر بتایا، جس میں عامر کے کردار کو دھرمیندر کے ’ویرو‘ اور فیصل کے کردار کو امیتابھ بچن کے ’جے‘ سے مشابہ قرار دیا گیا۔ تاہم فلم کی تیاری خاصی مشکلات کا شکار رہی۔ پروجیکٹ میں کافی تاخیر ہوئی اور بعد میں فیصل خان اور دھرمیش درشن دونوں نے دعویٰ کیا کہ اس کی وجہ عامر کی مداخلت تھی۔ وہیں عامر کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد صرف اپنے بھائی کی مدد کرنا تھا، جبکہ فیصل نے الزام لگایا کہ عامر نے جان بوجھ کر ان کا کیریئر برباد کیا۔
اس سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل نے اوٹی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کو یاد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دھرمیش اور عامر کے درمیان جھگڑا ہو رہا تھا۔ اچانک عامر نے مجھے اپنے کمرے میں بلایا اور کہا کہ چلو اس فلم کو روک دیتے ہیں، میں تمہارے لیے دوسری فلم بناؤں گا۔ فیصل نے یہ بھی کہا کہ برسوں تک فلم میں کئی تبدیلیاں ہوتی رہیں، جس سے ماحول منفی ہوتا گیا۔ ان کے مطابق ’میلا‘ کی ایک اور بڑی مشکل یہ تھی کہ کئی فنکار تبدیل کیے گئے۔ موسیقار راجیش روشن کی جگہ میوزک ڈائریکٹر بدلا گیا، آدتیہ پنچولی کو فلم سے ہٹا دیا گیا۔ فیصل نے کہا کہ کیا غلط ہوا، مجھے نہیں معلوم، لیکن فلم کے اردگرد منفی فضا تھی۔
اس سے پہلے راج شمانی سے گفتگو میں عامر خان نے کہا تھا کہ میں نے فیصل کی بہت مدد کرنے کی کوشش کی۔ اس کی پہلی فلم ’مدہوش‘ نہیں چلی، جس سے میں بہت پریشان تھا۔ میں نے ’میلا‘ اس کے لیے کی اور پوری کوشش کی، لیکن مجھے سمجھ آ گیا کہ یہ ایسا میدان ہے جہاں کوئی کسی کی مدد نہیں کر سکتا۔ میں بس خدا سے دعا کر سکتا ہوں کہ میری ساری کامیابی اسے دے دے۔ اس سے زیادہ میں کچھ نہیں کر پایا۔