جامعہ: جدید ہندوستانی زبانوں پر دوہفتے کا آن لائن ریفریشر کورس اختتام پذیر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-11-2021
جامعہ:  جدید ہندوستانی زبانوں پر دوہفتے کا آن لائن ریفریشر کورس اختتام پذیر
جامعہ: جدید ہندوستانی زبانوں پر دوہفتے کا آن لائن ریفریشر کورس اختتام پذیر

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

 یوجی سی۔ایچ آرڈی سی مرکز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مؤرخہ چھے نومبر دوہزار اکیس سے بیس نومبر دوہزار اکیس تک کالج اور یونیورسٹی کے اساتذہ کے لیے ’جدید ہندوستانی زبانوں‘ پر دوہفتے کا آن لائن ریفریشر کورس منعقد کیا۔

یہ پروگرام شعبہ اردو،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور شعبہ ہندی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک سے منعقد ہوا تھا۔

پروفیسر محمد اسدالدین،صدر فیکلٹی آف ہیومنٹیز اینڈ لنگویجیز نے ریفریشر کورس کا افتتاح کیا تھا۔ دو ہفتے تک ملک کے مشہور و ممتاز زبانوں کے ماہرین،ناقد، افسانہ نگار،اساتذہ اور تحقیق سے وابستہ مشہور مقررین نے شرکا کو آزادی کے بعد ناول اور اس کے جملہ متعلقات سے متعارف کرایا۔

مقررین نے ناول میں ابھرتے ہوئے نئے شعور، نئی کہانی کی فکر نیز تحقیق کے مختلف و متنوع رجحانات و میلانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

شرکا نے آموزشی ماحصل،سمینار،مقالے کی پیش کش اور ناول کے موضوع پر ماہرین کی رہنمائی و سرپرستی میں آن لائن امتحان میں بھی جو ش وخروش سے حصہ لیا۔

ڈاکٹر مکیش کمار میراٹھی،شعبہ ہندی جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ڈاکٹر خالد مبشر شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس ریفریشر کورس کو مشترکہ طورپر منعقد کرایا۔

اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی آنند وردھن شرما، سابق پی وی سی،مہاتما گاندھی بین الاقوامی ہندی یونیورسٹی، اور صوفیہ یونیورسٹی بلغاریہ میں السنہ ڈائریکٹر نے اپنے خطاب میں ریفریشر کورس کے موضوعات کے ساتھ موجودہ حالات میں ناول اور زبان پالیسی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

پروفیسر موصوف نے شرکا ئے پروگرا م کو مبارک باد بھی دی۔ مہمان اعزازی پروفیسر شہزاد انجم،صدر شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ریفریشر کورس کی کثیر موضوعاتی نہج کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ پروفیسر انیس الرحمان،ڈائریکٹر، ایچ آرڈی سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مہمان خصوصی اور مہمان اعزازی کا خیر مقدم کیا۔

ڈاکٹر خالد مبشر اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پروگرام کی مختصر روداد پیش کی۔

ڈاکٹر مکیش کمار اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ہندی نے تمام شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔(پریس ریلیز)