ترکمانستان:انٹرنیٹ کنکشن کے لیے قرآن پرحلف

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-08-2021
ترکمانستان:انٹرنیٹ سروس لینے کے لئے قرآن کی قسم لازمی
ترکمانستان:انٹرنیٹ سروس لینے کے لئے قرآن کی قسم لازمی

 

 

لندن:دنیا میں ایک ملک ایسا بھی ہے، جہاں کے شہریوں کو قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم اٹھانا ہوگی کہ وہ ممنوع ویب سائٹیں نہیں کھولیں گے، تبھی انہیں گھر کے لیے انٹرنیٹ کنکشن دیا جائے گا۔

 یہ سرزمین ہے ترکمانستان ۔جس کے اس فیصلہ نے سب کو دنگ کردیا ہے۔ اس سرکاری فیصلے سے سب حیرت زدہ ہیں۔ مطلب انٹرنیٹ سروس لینے کے لئے قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانا لازمی ہے۔

چند روز قبل اس ملک میں ایک انوکھا فیصلہ سامنے آیا۔

اس کے تحت جو کوئی بھی اپنے گھر میں انٹرنیٹ کی خدمت طلب کرے گا اسے قرآن کریم پر ہاتھ رکھ کر یہ قسم کھانا ہو گی کہ وہ ممنوعہ ویب سائٹس کو دیکھنے کے لیےVPN ایپلی کیشن کا استعمال نہیں کرے گا۔ برطانوی اخبار دی ٹائمز کے مطابق یہ فیصلہ ملک کے صدر "قربان قلی

بردی محمدوف" کے حکم پر کیا گیا۔

ترکمانستان کے ایک باشندے نے امریکہ میں قائم ریڈیو آزاتلیک کو بتایا: ’پچھلے سال میں نے گھر پر انٹرنیٹ لگوانے کے لیے درخواست دی تھی۔

میری باری ڈیڑھ سال کے بعد آئی۔ مجھے بہت سے کاغذوں پر دستخط کرنا پڑے۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ میں قرآن پر قسم اٹھاؤں کہ میں وی پی این استعمال نہیں کروں گا، لیکن وی پی این کے بغیر کوئی ویب سائٹ نہیں کھلتی۔

سمجھ میں نہیں آ رہا کہ کیا کروں۔‘ ترکمانستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں انٹرنیٹ پر شدید پابندیاں عائد ہیں۔

آزادی صحافت پر کام کرنے والا ادارہ رپورٹرز سانز فرنٹیئرز ترکمانستانی میڈیا کو شمالی کوریا کے بعد دنیا میں سب سے پابند میڈیا قرار دیتا ہے۔

کمپیری ٹیک ڈاٹ کام نامی ایک ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق چین، ایران اور شمالی کوریا کے علاوہ ترکمانستان دنیا کے ان چار ملکوں میں شامل ہے جہاں معروف سوشل میڈیا پر مکمل پابندی ہے۔

موصوف دانتوں کے ڈاکٹر ہیں اور نرالی عادات و اطوار کے مالک ہیں۔ وہ 64 برس پہلے دارالحکومت عشق آباد میں پیدا ہوئے۔ قربان 2007 ملک کے صدر بنے اور پھر 2012ء میں دوسری مدت کے لیے اس منصب پر برا جمان ہوئے۔ بعد ازاں 2017 میں "بآسانی" تیسری بار کرسی صدارت سنبھال لی۔

ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے 29 جون کو ایک تقریر میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کا ملک کرونا سے پاک ہے، تاہم اس کے آٹھ دن کے بعد ترکمانستان دنیا کا واحد ملک بن گیا جس نے تمام بالغ آبادی کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی۔ صدر محمدوف 2017 میں 97 فیصد سے زیادہ ووٹ لے کر صدر منتخب ہوئے تھے۔

غور طلب ہے کہ ترکمانستان میں سوشل میڈیاکے تعلق سے سخت ضابطے ہیں۔ یہ ضابطے بھی حکومت کوعوام کی تنقیدسے بچانے کے لئے بنائے گئے ہیں۔

ترکمانستان میں " ٹوئیٹر" ، "فیس بک" اور دیگر سوشل میڈیا کو انتہائی کڑی نگرانی میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ ترکمانستان کے صدر پرانی کلاسیکل گاڑیوں ، گھوڑوں کی دوڑ اور ریپ موسیقی کے دیوانے ہیں۔

گذشتہ برس برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ صدر قربان نے دارالحکومت میں اپنا سونے کے پتوں سے بنا ایک مجسمہ لگانے کا حکم دیا تھا۔

اس کی تعمیل میں ان کا 28 میٹر بلند ایک مجمسہ نصب کیا گیا۔ اسی طرح صدر نے اپنی کتوں کی پسندیدہ نسل Alabai سے محبت کے اظہار کے لیے حکم دیا کہ ان کے پسندیدہ ترین کتے کا ایک مجسمہ نصب کیا جائے۔ یہ مجسمہ دارالحکومت کے ایک اہم مقام پر لگایا گیا۔