مانو میں اسپورٹس فلم فیسٹیول کا آغاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-11-2022
مانو میں اسپورٹس فلم فیسٹیول کا آغاز
مانو میں اسپورٹس فلم فیسٹیول کا آغاز

 


حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے پیر کی شام خوشگوار رہی جب یہاں اسپورٹس فلم فیسٹیول کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر فلم چک دے انڈیا کی اسکریننگ کی گئی۔ جس سے لطف اندوز ہوتے ہوئے طلبہ نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اس فیسٹیول کا اہتمام یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر نے وزارت اطلاعات و نشریات، حکومت ہند کے اشتراک سے کیا تھا۔

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے اس موقع پر صدارتی تقریر میں کھیلوں اور فلموں کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی ماحول میں اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے آئی ایم سی کی کاوشوں کی ستائش کی۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اقدار و ثقافت سے جڑے رہنے کے ساتھ ساتھ مختلف ثقافتوں سے بھی آگاہی حاصل کریں۔

awazthevoice

ارجن ایوارڈ یافتہ ہاکی کھلاڑی پدم شری جناب مکیش کمار نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ انہوں نے اپنی زندگی کے سفر اور جدوجہد کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طلبہ کو سخت محنت کرنے اور اپنے مقصد پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی محنت کے بعد ہی ملتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کی کھیلوں کے کیریئر اور مواقع کے بارے میں بھی رہنمائی کی۔

پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کے لیے آئی ایم سی کی ستائش کی۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے کہا کہ فلم محض تفریح کے لیے نہیں ہوتی بلکہ اس کے ساتھ بہت سے پہلو جڑے ہوتے ہیں، جو تعلیم اور اکتساب کا حصہ بھی ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر نے کہا کہ فلم فیسٹول یونیورسٹی میں باقاعدہ ہونے والی سرگرمی ہے جو آئی ایم سی کے فلم کلب سنیماتھک مانو کے تحت منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس سے قبل بھی یونیورسٹی میں مختلف فلم فیسٹولس کیے گئے ہیں۔

awazthevoice

جناب محمد مجاہد علی، پروڈیوسر و شریک کنوینر فیسٹول کے بموجب ہفتہ طویل فیسٹول میں یونیورسٹی کے اوپن ایئر تھیئٹر میں میری کام، ایم ایس دھونی، دورنتو، اقبال، سانڈ کی آنکھ اور لگان کی اسکریننگ کی جائے گی۔