شاہ تاج خان کی کتاب'س سے سائنس' کا اجرا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 19-12-2022
شاہ تاج خان کی کتاب'س سے سائنس' کا اجرا
شاہ تاج خان کی کتاب'س سے سائنس' کا اجرا

 

 

شاہ عمران حسن،نئی دہلی 

بڑوں کے لیے لکھنا آسان ہے مگر بچوں کے لیے لکھنا سب سے مشکل کام ہے، کیوں کہ اس میں بچوں کی نفسیات کو دھیان میں رکھ چیزیں لکھی جاتی ہیں۔تاہم شاہ تاج خان نے بچوں کے لیے کہانی لکھنے کا بیڑا اٹھایا ہے اور اس میں وہ کامیاب نظر آتی ہیں۔

شاہ تاج خان نے بچوں کے لیے ایک کتاب اردو زبان میں پکنک لکھی ہےجو بے حد مقبول ہوئی اور اب انہوں نے پھر سے بچوں کے لیے کہانیوں کی کتاب 'س سے سائنس' لکھی ہے۔ ریاست مہاراشٹر کے پونے سے تعلق رکھنے والی اردو زبان میں کہانیاں لکھنے والی بچوں کی مصنفہ اور صحافی شاہ تاج خان کی کی کتاب'س سے سائنس' کا اجرا ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گشتی لائبریری وسئی(ممبئی) میں ہوا۔

awazthevoice

خیال رہے کہ طلبہ و طالبات نے ہی کتاب'س سے سائنس' اجرا کیا۔ طلبہ میں سائنس سے دلچسپی پیدا کرنے اور سائنس جیسے خشک مضمون کو کہانی کے انداز میں پیش کر کے کم عمر طلبہ و طالبات کے لیے ایک اہم مواد فراہم کیا ہے۔

 ابھی تک ان کی 'پکنک' کا خمار پوری طرح اترتا نہ تھا کہ مصنفہ نے 'س سے سائنس' کی تالیف کر کے ادبِ اطفال کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔ شاہ تاج نے اپنی اس نئی تالیف کا اجرا بھی طلبہ کے ہاتھوں کرایا۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گشتی لائبریری وسئ کے طلبا کے ذریعے 'س سے سائنس' کا اجرا عمل میں آیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ طلبہ کے لیے لکھی کتاب ہے تو اس کا اجرا بھی طلبہ کے ذریعہ ہی ہونا چاہیے۔ اجرا کا عمل 18دسمبر2022 کی شام ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گشتی لائبریری وسئ میں عمل میں آیا۔

awazthevoice

خیال رہے کہ یہ لائبریری گذشتہ ایک سال سے جاری ہے۔  اس موقع پر بزم اردو ادب پال گھر کے ذمہ داران نعیم احمد ، سلیم عمرانی ، تنویر احمد اور آصف طاہر علی کے علاوہ لائبریری کے انچارج طالبِ علم منتظر شیخ و دیگر موجود تھے۔

طلبہ نے اس رسم میں بڑی جوش و خروش سے حصہ لیا کئی طلبہ نے موقع پر ہی کتاب پڑھنی شروع کردی اور اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس کتاب کو پڑھنے میں انہیں بہت مزہ آرہا ہے۔ ضلع پریشد اردو اسکول وسئی کی طالبہ سامنہ نے بتایا کہ میں نے اس کتاب کے کچھ صفحات ابھی پڑھے جو انتہائی دلچسپ ہیں، اس کتاب کو پڑھنے کے بعد ہمیں سائنس پڑھنے میں بھی بہت مزہ آئے گا۔

awazthevoice

ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام گشتی لائبریری وسئ کے انچارج منتظر شیخ نے بتایا کہ مصنفہ سائنس کو اتنے بہترین انداز میں سمجھاتی ہیں کہ طلبا میں سائنس سے خود بخوددلچسپی پیدا ہوجاتی ہے۔ سبکدوش معلمہ صبیحہ انصاری اور نعیم احمد سر نے 'س سے سائنس' کی ۳۵جلد خرید کر پال گھر کی مختلف گشتی لائبریری و اسکول کی لائبریری کو بطور ہدیہ بھجوانے کا انتظام کیا۔