نئی دہلی:جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ کیمیا کے پروفیسر توقیر احمد اور ڈاکٹر فرح ناز کو نینو کیٹالیٹک گرین کیمسٹری میں بڑی کامیابی پر پیٹنٹ ملا ہے۔یہ ایجاد سیریا نینو کیٹالسٹ کی مدد سے پی نائٹروبینزوک ایسڈ تیار کرنے کا ایک نیا طریقہ سامنے لاتی ہے۔پی نائٹروبینزوک ایسڈ ادویات اور کیمیا کی صنعتوں میں ایک اہم کیمیکل کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ اس تبدیلی کے لئے سیریا نینو کیٹالسٹ کا کامیاب استعمال کیا گیا ہے۔نیا کیٹالیٹک طریقہ کار سو فیصد تبدیلی اور 99.29 فیصد چناؤ کی صلاحیت دکھاتا ہے۔یہ کارکردگی روایتی طریقوں کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔یہ طریقہ کم خرچ ہے آسانی سے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور ماحول دوست ہے۔یہ عالمی سطح پر پائیدار کیمیائی صنعت کے فروغ کی کوششوں کے مطابق ہے۔
اس طریقے سے تیار کیا گیا پی نائٹروبینزوک ایسڈ کئی اہم مصنوعات کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔فیناسیٹن جو درد کش دوا کے طور پر استعمال ہوتا ہے
امینو بینزوک ایسڈ اور امینو سالی سلک ایسڈ جو ادویات میں استعمال ہوتے ہیں۔فولک ایسڈ کے بنیادی اجزا جو مختلف علاجی تیاریوں میں ضروری ہوتے ہیں۔
یہ پیٹنٹ نینو ٹیکنالوجی کیٹالسس اور گرین کیمسٹری کے ملاپ میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔یہ قیمتی کیمیکلز کی صاف محفوظ اور پائیدار تیاری کے نئے راستے فراہم کرتا ہے۔یہ پیش رفت جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جدید مادوں اور گرین سنتھیسس ریسرچ میں بڑھتی ہوئی قیادت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔پروفیسر توقیر احمد عالمی شہرت یافتہ محقق ہیں۔گرین ہائیڈروجن توانائی،کاربن ڈائی آکسائیڈ میں کمیاور نائٹروجن فکسیشن جیسے موضوعات پر ان کی خصوصی مہارت ہے۔انہوں نے سولہ پی ایچ ڈی کی نگرانی کی ہے۔دس تحقیقی منصوبے مکمل کئے ہیں۔دو سو چونتیس خطبات دئے ہیں۔ایک پیٹنٹ،دو سو چھتیس تحقیقی مضامین اور تین کتابیں تحریر کی ہیں۔ان کی تحقیق کا حوالہ دس ہزار آٹھ سو پچاس سے زیادہ ہے۔ان کا ایچ انڈیکس اکسٹھ اور آئی ٹین انڈیکس ایک سو ننانوے ہے۔وہ کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز اور تمغوں سے نوازے جا چکے ہیں اور رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کے فیلو بھی ہیں۔
پروفیسر توقیر احمد نے اس پیٹنٹ کے دوسرے موجد ڈاکٹر فرح نازاپنے معاونین اور اے این آر ایف اور سی ایس آئی آر جیسی تحقیقی ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے معزز وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محتاب عالم رضوی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔جن کی مستقل رہنمائی اور بہترین تحقیقی ماحول نے اس نئی ٹیکنالوجی کی ایجاد اور پیٹنٹ کے حصول کو ممکن بنایا۔