’پڑھائی کے لئے پاکستان گئے توہندوستان میں جاب نہیں ملے گی‘

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
’پڑھائی کے لئے پاکستان گئے توہندوستان میں جاب نہیں ملے گی‘
’پڑھائی کے لئے پاکستان گئے توہندوستان میں جاب نہیں ملے گی‘

 

 

نئی دہلی: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) اور آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) نے جمعہ کو ہندوستانی طلباء سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے کسی بھی کالج یا تعلیمی ادارے میں داخلہ نہ لیں۔ بصورت دیگر وہ ہندوستان میں کوئی نوکری یا اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔

بتادیں کہ یہ حکم یو جی سی اور اے آئی سی ٹی ای نے مشترکہ طور پر ایک ماہ کے اندر ہندوستانی طلباء کو چینی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے گریز کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے جاری کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق، یو جی سی اور اے آئی سی ٹی ای کی جانب سے جاری مشترکہ حکم نامے میں کہا گیا ہے، ’’تمام طلبہ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے پاکستان نہ جائیں۔ کوئی بھی ہندوستانی شہری یا ہندوستانی نژاد غیر ملکی شہری جو پاکستان میں کسی بھی کالج یا تعلیمی ادارے میں داخلہ چاہتا ہے پاکستانی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر ہندوستان میں ملازمت یا اعلیٰ تعلیم کا اہل نہیں ہوگا۔ تاہم اس حکم میں مہاجر شہریوں کو راحت دی گئی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’بیرون ملک مقیم شہری اور ان کے بچے جنہوں نے پاکستان میں تعلیم حاصل کی ہے اور انہیں ہندوستان کی طرف سے شہریت دی گئی ہے وہ ہندوستان میں ملازمت حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ بشرطیکہ انہیں وزارت داخلہ سے سیکورٹی کلیئرنس مل جائے۔"

اس طرح کا حکم جاری کرنے کی وجوہات کے بارے میں متعلقہ حکام کی طرف سے فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ مارچ کے آخری ہفتے میں، یو جی سی نے چین میں پڑھنے والے ہندوستانی طلباء کے بارے میں ایک ایڈوائزری جاری کی تھی۔

ایڈوائزری کے مطابق، یو جی سی نے کہا تھا کہ، "کئی طالب علم کووڈ پابندیوں کی وجہ سے اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے چین نہیں جا سکے ہیں۔ چونکہ چینی اداروں نے آن لائن موڈ میں کورسز پڑھانے کی بات کی ہے لیکن اس بارے میں بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

قواعد کے مطابق یوجی سی اور آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن پیشگی منظوری کے بغیر صرف آن لائن موڈ میں کئے جانے والے ایسے کورسز کو تسلیم نہیں کرتے۔