اردو یونیورسٹی: آن لائن اردو جاب میلے اور کونسلنگ سینٹر کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-02-2022
اردو یونیورسٹی: آن لائن اردو جاب میلے اور کونسلنگ سینٹر کا افتتاح
اردو یونیورسٹی: آن لائن اردو جاب میلے اور کونسلنگ سینٹر کا افتتاح

 

 

آواز دی وائس،حیدرآباد

اُردو یونیورسٹی ڈگری کے ساتھ ساتھ ملازمت کے حصول میں طلبہ کی مدد کرے گی۔قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ مل کرجاب میلہ کا آن لائن انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ کووڈ سے پیداصورتحال میں یہ کوئی آسان کام نہیں ہے۔

ایسا نہیں کہ یہ جاب میلہ صرف ایک ہی بار ہوگا بلکہ اس کام کو جاری وساری رکھا جائے گا ۔وقت کے ساتھ کام کرنا چاہیے، کرونا کی وجہ سے ہم سب ایسے وقت سے گزرے جہاں کئی بچے ڈگری کے بعد گھروں سے نہیں نکل پائے، ملازمت نہیں ڈھونڈ پائے۔ہماری کوشش ہے کہ جاب میلہ کے ذریعہ ہم انہیں ملازمت فراہم کرنے میں مدد کریں۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن ، وائس چانسلر،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج مانو میں پہلے آن لائن اردو جاب میلہ اور کیریئر کونسلنگ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ جاب میلے کا کیریئر کونسلنگ کمیٹی کے تحت آج سے آغاز ہوا ہے۔ زائد از ڈھائی ہزار رجسٹرڈ امیدوار وںکا 50 سے زائد کمپنیاں آن لائن انٹرویو لے رہی ہےں۔ یہ سلسلہ تقریباً ایک ماہ تک جاری رہے گا۔

پروفیسرعین الحسن نے ذمہ داران اور طلبا دونوں کو نصیحت کی کہ وہ پوری ذمہ داری سے اس جاب میلہ کے تحت ملازمت دیں اور حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی مولانا آزاد سے موسوم ہے ،ہمیں ماں باپ کی طرح اپنے بچوں کا خیال رکھنا پڑے گا ، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی اچھی تعلیم اور ملازمت کے حصول کا خیال رکھیں۔

ہم تعلیم کے شعبے میں بھی مستقل اقدامات کریں گے تاکہ بچوں کوچاہے راویتی ہویا فاصلاتی طرز پر صحیح تعلیم مل سکے۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، پرووائس چانسلر، مانو نے جاب میلہ اور کیرئیر سنٹر کے آغاز کو مانو کی تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کی کارکردگی میں مختلف شعبوں کے اشتراک سے یہ کام جاری رہے گا ۔

مانو تعلیم کے ساتھ اردو کے ذریعہ اپنے طلبہ کو ملازمتوں کی فراہمی کا وسیلہ بنتے ہوئے نئی تاریخ بنائے گی۔ ڈاکٹر سید اصغر محمود، چیئرمین، یوتھ اڈوانسمنٹ کمیٹی و ڈائرکٹر، سیٹ ون اور رکن جاب میلہ وکیرئیر کونسلنگ کمیٹی نے وائس چانسلرکا اس پروجیکٹ کی منظوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے جاب میلہ کوایک بہت اہم قدم قرار دیا۔

کیرئیر کونسلنگ سنٹر کے قیام کے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فری پلیسٹمنٹ اورینٹیڈ ٹریننگ کے ذریعے طلبا کو ملازمت سے قبل تیار کیا جائے گااور اُن کی رہنمائی کی جائے گی۔

اور یہ صرف تلنگانہ تک محدود نہیں ہے بلکہ ہندوستان بھر کی کمپنیاں اس سے جڑی ہےں۔150کمپنیاں جو ساری دنیا میں مشہور ہیں اردو میڈیم طلبا کو ملازمت دینے میں دلچسپی دکھا رہی ہےں۔مانوایسی پہلی یونیورسٹی ہے جو اردو ذریعہ تعلیم کے لیے اس طرح کا جاب میلہ منعقد کررہی ہے۔

پروفیسر شیخ اشتیاق احمد، رجسٹرار، مانو،ارکان کمیٹی ڈاکٹر ولی الرحمن اور جناب محمد قاسم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ پروفیسر شکیل احمد، پروفیسر سنیم فاطمہ، پروفیسر عبدالواحد ،پروفیسر محمد فریاد، ڈاکٹر سید امتیاز حسن، ڈاکٹر ریشماں نکہت، ڈاکٹر متیالا راو ¿اور دیگر بھی موجود تھے۔

انچارج ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل، ڈاکٹر محمد یوسف خان نے جو جاب میلہ کے کوآرڈنیٹر بھی ہےں، ابتدا میں خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ یوجی سی کی ہدایت کے تحت سال 2015 میں یونیورسٹی میں سیل قائم کیا گیا اور اس کے مقاصد میں طلبا کا کیرئیر گائڈنس، پلیسمنٹ کے لیے تیاری اور ملازمت کا حصول، سمینار کا انعقاد، بول چال کی صلاحیتوں کا فروغ وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاب میلہ میں جملہ 2644 امیدواروں نے رجسٹریشن کیا ہے اور آن لائن ان کا انٹرویو کروانا ایک بہت بڑاچیلنچ ہے۔

ڈاکٹر یوسف خان نے آغاز پر تلاوت قرآن پاک بھی کی۔ ڈاکٹر سید صلاح الدین، ڈپٹی ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسرو ممبر کیرئیر کونسلنگ سنٹرنے شکریہ ادا کیا۔ جناب اشرف نواز، اسسٹنٹ ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر و اسسٹنٹ پروفیسر ، ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ نے کارروائی چلائی۔

جاب میلہ میں شرکت کے خواہشمند نئے امیدوار اس لنک https://forms.gle/ESxrYn2hJytrfpyo6پر اپنا رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔

مزید معلومات یا کسی وضاحت کے لیے [email protected] پر ای میل کریں۔