مسجد نبوی میں جدید سہولتوں سے آراستہ ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2021
مسجد نبوی میں ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح
مسجد نبوی میں ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح

 

 

مدینہ منورہ

مسجد نبوی کی ڈیجیٹل لائبریری جدید سہولتوں سے آراستہ کردی گئی ہے، جس کا افتتاح گزشتہ روز حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کیا۔ سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، جس کے تحت عوام کو مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل لائبریری میں انتہائی نادر و نایاب کتابوں کے علاوہ قلمی نسخے اور تاریخی دستاویزات موجود ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد نبوی شریف کی ڈیجیٹل لائبریری جدید سہولتوں سے آراستہ ہوگی جس سے فی الوقت لائبریری آنے والے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

’لائبریری کا تمام ذخیرہ ڈیجیٹل شکل میں عام افراد کی دسترس میں ہوگا تاکہ روایتی کتابوں کی طرح ڈیجیٹل فارمیٹ کو بھی استعمال کیا جاسکے‘۔ واضح ہوکہ مسجد نبوی سے متصل مکتبے کے لائبریرین بدر بن رزیق العوفی کا کہنا ہے کہ اس لائبریری کا سارا انتظام وانصرام حرمین شریفین کے نگراں ادارے کے پاس ہے۔

لائبریری سعودی عرب کی پرانی لائبریریوں میں شامل ہے جس میں 580 ھجری کے دور کی کتب اور قرآن پاک کے قدیم نسخے موجود ہیں۔اس لائبریری کا باقاعدہ قیام شاہ عبدالعزیز آل سعود کے دور میں1352ھ میں ہوا اور اس کا افتتاح اس وقت کے ڈائریکٹر اوقاف عبید مدنی نے کیا تھا۔

العوفی نے بتایا کہ لائبریری قریبا 744 مربع میٹر پر پھیلی ہے اور اس میں سالانہ نصف ملین افراد وزٹ کرتے ہیں۔ لائبریری میں کتب کے لیے 466 الماریاں ہیں جن میں 1 لاکھ 60 ہزار کتب موجود ہیں۔

لائبریری میں قریبا 21 زبانوں کی کتب موجود ہیں۔ مجموعی طورپر لائبریری میں ہاتھ سے لکھے اور مطبوعہ قرآنی نسخوں کی تعداد چھ سے زیادہ ہے۔ (ایجنسی ان پٹ )