کشمیر کے اعجاز بھٹ کو ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ ملا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-02-2021
کشمیر کے اعجاز بھٹ کو ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ ملا
کشمیر کے اعجاز بھٹ کو ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ ملا

 

انجینئرنگ ، سائنس اور میڈیسن کے شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کے صلہ میں کشمیر کے ڈاکٹر اعجاز احمد بھٹ کو 11 ویں ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ تقریب میں ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر بھٹ کو انسٹی ٹیوٹ آف اسکالرس بنگلور کے ذریعہ نیچر سیل ریسرچ میں شائع ہونے والی ان کی تحقیق کے لئے ینگ ریسرچر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ملک کے علاوہ یہ کشمیر کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے

ڈاکٹر اعجاز احمد بھٹ اس وقت چین کی شیجیانگ یونیورسٹی کے لائف سائنسز انسٹی ٹیوٹ ، اسکول آف میڈیسن میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ بایو کیمسٹری سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے۔ اس کے بعد ڈاکٹر بھٹ اعلی تعلیم کے لئے جنوبی کوریا چلے گئے۔ انہوں نے اگست 2018 میں جنوبی کوریا کی ینگنم یونیورسٹی کے اسکول آف نیچرل سائنسز سے بائیو کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی۔ ڈاکٹر اعجاز کو ینگنم یونیورسٹی پوسٹ گریجویٹ اسکالرشپ سے نوازا گیا ہے۔ وہ یونگم یونیورسٹی انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر اعجازنے 20 سے زائد تحقیقی مقالے لکھے ہیں جو نیچر سیل ریسرچ سمیت دنیا کے معروف جرنلوں میں شائع بھی ہو چکے ہیں- ڈاکٹر اعجاز احمد بھٹ جموں وکشمیر کے ضلع بڈگام کے ایک چھوٹے سے گاؤں کنیہاما میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ مڈل اسکول ، کنیہاما سے حاصل کی ۔ اسکول میں ان کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے ان کے اساتذہ نے ان کے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ انہیں کنی پورہ کے ایک پرائمری اسکول برائٹ مشن میں منتقل کر دیں ۔ انہوں نے اپنی بہتر کارکردگی کو جاری رکھا اور تحقیق کی طرف راغب ہوگئے۔