حمیرپور کے ضلع جج نے کیا دارالعلوم دیوبند کا دورہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
حمیرپور کے ضلع جج نے کیا دارالعلوم دیوبند کا دورہ
حمیرپور کے ضلع جج نے کیا دارالعلوم دیوبند کا دورہ

 

 

فیروز خان، آواز دی وائس، دیوبند

حمیر پور کے ڈسٹرکٹ جج وقاراحمد انصاری نے دارالعلوم دیوبند کے دفتر اہتمام میں ادارہ کے ذمہ داران سے ملاقات کرنے کے بعد دارالعلوم کے تعلیمی نظم ونسق اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور ادارہ کے قیام کے پس منظر سے متعلق ذمہ داران سے معلومات حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابقحمیر پور کے ڈسٹرکٹ جج وقاراحمد انصاری شام کے وقت دارالعلوم دیوبند پہنچے اورادارہ کے گیسٹ ہاوس میں دارالعلوم کے ذمہ داران سے ملاقات کی اور دارالعلوم کی تاریخ قیام کا پس منظر اور یہاں کے تعلیمی نظام سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پردارالعلوم دیوبند کے شعبہ تنظیم و ترقی کے نائب ناظم اشرف عثمانی نے ان کی رہنمائی کی اوربتایا کہ دارالعلوم اکابرین کے وضع کردہ اصول ہشت گانہ پر قائم ہے جس میں واضح طور پر تحریر ہے کہ ادارہ کا نظام عوامی امداد سے چلا یا جائے گا اور سرکاری سطح سے کسی طرح کی امداد کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

اس دوران انہوں نے مہمانا ن عظام کو دارالعلوم دیوبند کے نادرو نایاب کتب خانہ، تاریخی درسگاہ نودرہ، پرشکوہ دارالحدیث، مسجد رشید، اور زیر تعمیر شیخ الہند لائبریری کی زیارت کرائی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ جج وقاراحمد انصاری نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند ایک عالمی دینی دانش گاہ ہے دنیا میں اسکی کوئی نظیر نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے دارالعلوم کی لائبریری میں یہاں کے مخطوطات کو بغور دیکھا، یہ کتب خانہ بڑا نادر و نایاب ہے جو دنیا کے علمی زخائر میں اپنا منفرد مقام رکھتا ہے۔

ضلع جج وقار احمد نے کہا کہ دارالعلوم روحانی کشش رکھتا ہے اس لئے بار بار یہاں آنے کی خواہش ہوتی ہے،انہوں نے بتایا کہ میں سن 80 میں بھی یہاں زیارت کے لئے آچکا ہوں۔

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابولقاسم نعمانی بنارسی نے دفتر اہتمام میں ضلع جج حمیر پور کا خیر مقدم کیا اور دوران گفتگو ادارہ کا تعارف پیش کیا۔اس موقع پر دیوبند کے سول جج اور عدالتی عملہ کے سینئر رکن اکرم عثمانی نیز وقار احمد انصاری کے فرزند محمد احمد بھی ہمراہ رہے۔