اے ایم یو میں افغان طلبہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-08-2021
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی

 


آواز دی وائس، علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اے ایم یو میں زیر تعلیم افغانی طلبہ کو یقین دلایا ہے کہ انھیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ افغان طلبہ کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ یونیورسٹی کیمپس میں ان کی سلامتی اور خوشگوار قیام کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ سبھی لازمی اقدامات کرے گی۔

یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی کے ساتھ آج ایک میٹنگ میں افغان طلبہ نے کہاکہ ان کے ملک افغانستان میں جو عدم استحکام پیدا ہوا ہے اس سے انھیں کچھ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تاہم یونیورسٹی انتظامیہ سے انھیں ہر تعاون مل رہا ہے۔

طلبہ نے افغانستان میں حالیہ سیاسی خلفشار کے بعد حکومت ہند اور یونیورسٹی انتظامیہ سے ملنے والی سہولیات کے لئے شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ میں پندرہ افغان طلبہ موجود تھے۔

افغان طلبہ نے کہا کہ ان کے ساتھی طلبہ جو کووِڈ-19 کے باعث افغانستان اپنے گھر چلے گئے تھے، انھیں واپس ہندستان آنے میں بہت پریشانیاں ہوں گی۔

انھوں نے ویزے کے حصول کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ اور حکومت ہند سے مدد کی اپیل کی تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

افغان طلبہ نے آئی سی سی آر کی اسکالرشپ کے تسلسل کے بارے میں بھی اپنی فکرمندی کا اظہار کیا۔

پراکٹر پروفیسر وسیم علی نے افغان طلبہ کو تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی میں اپنے قیام کے دوران اگر انھیں کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تووہ ان کے دفتر سے رابطہ کریں۔

میٹنگ میں ڈپٹی پراکٹر پروفیسر حشمت علی خاں،پروفیسر نبی اللہ خاں، ڈاکٹر سید علی نواز زیدی (ایڈوائزر برائے غیر ملکی طلبہ) اور پراکٹوریل ٹیم کے دیگر اراکین موجود تھے۔