آپ کوڈیجیٹل مارکیٹنگ میں کرئیرکی تلاش ہے؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-02-2021
ڈیجیٹل مارکیٹنگ
ڈیجیٹل مارکیٹنگ

 

مومن فہیم احمد عبدالباری / بھیونڈی

کورونا کی وبا کی بناء پر حالانکہ زیادہ تر صنعتوں کو معاشی مندی کا سامنا ہے لیکن ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی صنعت نے اس دوران میں مزید ترقی کرلی ہے۔ گھر بیٹھے کام(ورک فرام ہوم)، آن لائن تدریس، ویبینار وغیرہ نے لوگوں کو تجارت اور خدمت کے بھی نئے طریقے فراہم کیے ہیں۔ ایک تازہ ترین سروے کے مطابق2022 تک ہندوستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والے افراد کی تعداد تقریباً 86 کروڑ ہوگی اور بھارت دنیا کے ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

اس بات میں کوئی مبالغہ نہیں ہے کہ دنیا میں بھارت صارفیت کا ایک اہم مرکز ہے اور مختلف اشیاء اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے ایک بڑی عالمی مارکیٹ بن چکا ہے۔یہ ایک اہم وجہ ہے کہ دنیا کی تقریباً تمام بڑی کمپنیاں اپنی اشیاء اور خدمات کی فروخت کے لیے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔ بازار کاری اور مارکیٹنگ کو اہم کاروباری جزئیات مانا جاتا ہے اور معاشی اصطلاحات کے مطابق موجودہ دور جسے اجارہ دارانہ مسابقت کا دور کہا جاتا، ہر تجارتی ادارہ اپنی اشیاء اور خدمات کی فروخت کے لیے بازار کاری، اشتہار بازی، پبلسٹی اور مارکیٹنگ کے نئے نئے طریقے دریافت کرتا رہتا ہے۔

ایک وقت تھا جب ہم اپنے بچپن میں شہر کی دیواروں پر، اخبارات اور چنندہ میگزین وغیرہ میں مختلف مصنوعات کے اشتہارات دیکھتے تھے۔ کمپیوٹر کی آمد، انٹرنیٹ کی ایجاد، عام صارفین تک انٹرنیٹ کی پہنچ اور موجوہ وقت میں انتہائی ارزاں قیمتوں میں دستیاب اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی سہولت نے اشتہار بازی اور مارکیٹنگ کی دنیا میں ایک انقلاب برپا کردیا ہے۔

آج سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک اور واٹس اپ، آن لائن فروخت کاری پلیٹ فارم، مخصوص ویب سائٹ کے ذریعے اشیاء کی مارکیٹنگ انتہائی آسان ہوگئی ہے اور صارفیت کا دائرہ کار وسیع ہوگیا ہے۔ بڑے شہروں سے لیکر چھوٹے گاؤں، دیہاتوں تک اشیاء کی دستیابی آسان اور سستی ہوگئی ہے۔ ایسے دور میں اگر کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کی معلومات اور ان سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے کوئی کرئیر بہت اہم ہے تو وہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ (Digital Marketing) ہے۔ کون بنا سکتے ہیں

ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں کرئیر ؟

ایسے افراد جنھیں اعداد و شمار سے دلچسپی، اختراعی سوچ یعنی کسی پروڈکٹ(اشیاء) کو صارفین تک پہنچانے کے لیے پیغامات، سمعی و بصری ذرائع سے پہنچانے کی اہلیت ہو وہ ڈیجیٹل مارکیٹیر (Digital Marketer) کے طور پر کرئیر بنا سکتے ہیں۔ ایسے آئی ٹی پروفیشنلس جو اپنی تکنیکی اور شماریاتی اہلیت کی بناء پر فروخت اور بازار کاری میں دلچسپی رکھتے ہوں ان کے لیے بھی یہ ایک انتہائی اہم کرئیر ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے نوجوان جنھوں نے ابھی گریجویشن مکمل کیا ہے وہ بھی اگر سیلس اور مارکیٹنگ کے شعبے میں جانا چاہتے ہیں تو ڈیجیٹل مارکٹنگ ایک اچھا انتخاب ہوسکتا ہے۔

ایک ڈیجیٹل مارکیٹر کے لیے درکار قابلیت

یوں تو کمپیوٹر، انٹرنیٹ، نئے نئے اپلیکیشنس کی معلومات اور ٹیکنالوجی سے دلچسپی و وابستگی اس کرئیر کے لیے ضروری ہے لیکن ان کے علاوہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں کرئیر بنانے کے خواہاں افراد کو حکمت عملی (Strategic)، تجزیاتی (Analytical) سوچ کا مالک اورتخلیقی و اختراعی سوچ (Creative and Innovative) کا حامل ہونا ضروری ہے۔ تاکہ صارفین کے بدلتے رجحان کے مطابق وہ مارکیٹنگ کی حکمت عملیاں ترتیب دے سکیں۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں کس طرح کے روزگار شامل ہیں ؟ بنیادی طور پر ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور قدیم یا روایتی مارکیٹنگ کا مقصد ایک ہی ہے کیونکہ پرانے وقتوں میں بھی مارکیٹنگ کا بنیادی مقصد صارفین تک اشیاء کو پہنچانا تھا اورموجودہ دور میں بھی ٹیکنالوجی مختلف ذرائع سے زیادہ سے زیادہ صارفین تک اشیاء کو پہنچانی اور ان کی رسائی ممکن بنانا ہے۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں جو ملازمت یا روزگار شامل ہیں وہ درج ذیل ہیں۔

٭ سمعی و بصری مواد کی تیاری (آدیو ویڈیو پروڈکشن)

٭ مصنوعی ذہانت (آرٹیفشل انٹیلیجنس) تکنیک کا استعمال ٭ موبائل مارکیٹنگ ٭ سرچ انجن آپٹیمائزیشن

(SEO) ٭ سرچ انجن مارکیٹنگ

(SEM) ٭ سوشل میڈیا مارکیٹنگ، ای میل مارکیٹنگ ٭ الیکٹرونک کامرس

(E-Commerce) ٭ ویب ڈیلوپمنٹ، ویب ڈیزائننگ

٭ کاپی رائٹنگ اینڈ ایڈیٹنگ

٭ تحریری مواد اور کاروباری حکمت عملی تیار کرنا وغیرہ

ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے لیے درکار تعلیمی لیاقت:

ویسے تو بنیادی طور پر آئی ٹی پروفیشنلس جو کمپیوٹر پروگرامنگ، سافٹ وئیر ڈیویلپمنٹ، اپلیکیشن بیسڈ پروگرامنگ وغیرہ جانتے ہیں جنھوں نے آئی ٹی میں گریجویشن یعنی بی ایس سی (آئی ٹی)، بی ایس سی (کمپیوٹر سائنس)، بی ای (انفارمیشن ٹیکنالوجی)، بی سی اے یا اس طرزکے دوسرے ڈگری یا ڈپلوما کورسیس کامیاب ہیں وہ تھوڑی سی محنت اور اپنی تخلیقی و اختراعی سوچ کی بناء پر اس میں کرئیر بنا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر دیکھا جائے تو اولا اور اوبر، زوماٹو، سویگی اور جیڈلو جیسی خدمات فراہم کرنے والے تجارتی ادارے، فلپ کارٹ، امیزون، اسنیپ ڈیل وغیرہ

آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمس، تعلیمی شعبے میں بائیجوس (BYJUS) ٹیکنالوجی کے ساتھ اختراعی سوچ کا نتیجہ ہیں۔ اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تخلیقی و اختراعی سوچ آپ کو ایک کامیاب ڈیجیٹل مارکیٹر بنا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی ہندوستان میں کئی ادارے ہیں جو مخصوص ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے کورسیس چلاتے ہیں اور اس کے مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کرتے ہیں۔

طلبہ دھیان رکھیں کہ یہ سارے انسٹی ٹیوٹ نجی ادارے ہیں جو اپنا سرٹیفکیشن دیتے ہیں لیکن اچھے اداروں سے سرٹیفکیٹ یا ڈپلوما کورس مکمل کرنے پر آپ خود روزگار یا کسی اچھی کمپنی میں ملازمت کے اہل ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان میں چند ایک اہم ادارے درج ذیل ہیں۔

٭ NIIT : این آئی آئی ٹی ہندوستان میں کمپیوٹر کورسیس کے قدیم ترین اداروں میں سے ایک ہے۔ بدلتے وقت کے ساتھ نئے کورسیس کی تربیت فراہم کرتا ہے اور پراؤیٹ کمپنیوں میں اس ادارے کے سرٹیفکیشن کو معتبر مانا جاتا ہے۔ ملک کے تیس بڑے شہروں میں سو سے بھی زائد سینٹرس ”این آئی آئی ٹی ڈیجیٹل مارکیٹنگ“ کورس کی تربیت کے مراکز ہیں۔

ادارہ آن لائن کے بجائے طلبہ کو سینٹرس پر تعلیم و تربیت کے لیے بلاتا ہے تاکہ صحیح معنوں میں ان کی تربیت ہوسکے۔ ٭ آل انڈیا منیجمنٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ایم اے) : یہ ادارہ ڈیجیٹل ودیا نامی ادارے کے اشتراک سے نصاب اور تعلیمی مواد فراہم کرتا ہے۔ کورس صرف آن لائن دستیاب ہے ہر سنیچر اور اتوار کو تقریباً چار گھنٹے پر مشتمل کورس کی تربیت دی جاتی ہے۔

٭ منی پال گلوبل ایجوکیشن سروسیس : ہندوستا ن بھر میں یہ ایک معروف نام ہے تین مہینے کے دورانیے پر مشتمل ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا سرٹیفکیٹ کورس اس شعبے میں کرئیر بنانے کے خواہشمند افراد کے لیے فائدہ مند ہے اس کورس میں سرچ انجن آپٹیمائزر، سرچ انجن منیجمنٹ، سوشل میڈیا و آنلائن رابطہ کاری، ویب سائٹ کا تجزیہ وغیرہ کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

٭ دہلی اسکول آف انٹرنیٹ مارکیٹنگ (DSIM) : یہ ادارہ آن لائن کلاسیس کے ذریعے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے خواہشمند انڈسٹری سے وابستہ ایکزیکیٹیو اور انترپرینر کے لیے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے سترہ مختلف ماڈیولس کی تربیت فراہم کرتا ہے۔

٭ ڈیجیٹل ودیا : 2009میں قائم یہ ادارہ اب تک پانچ سو سے بھی زائد ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ٹریننگ پروگرام منعقد کرچکا ہے۔ کئی بڑی کمپنیوں جیسے Ebay،جنرل موٹرس، سٹی بینک وغیرہ کے لیے شراکت کرچکا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ادارہ گوگل انڈیا کا آفیشل ٹریننگ پارٹنر بھی ہے۔ مذکورہ بالا اداروں کے علاوہ بھی کئی ادارے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے کورسیس کی تربیت فراہم کرتے ہیں انٹرنیٹ پر ایسے اداروں کی تفصیل دستیاب ہے۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے میں اہم ملازمتیں : اس شعبے میں مختلف قسم کی ملازمتیں دستیاب ہیں ان میں سے چند اہم درج ذیل ہیں۔

٭ مارکیٹنگ تجزیہ کار : ایک مارکیٹنگ تجزیہ کار اس بات کا ذمہ دار ہوتا ہے کہ مختلف تجارتی اور اشتہار بازی مہم کے اطلاق اور نگرنی کرے عام طور پر سرچ انجن منیجمنٹ کے تحت جو مارکیٹنگ کی جاتی ہے ان پر نظر رکھنا اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا اس کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ اوسطاً سالانہ پانچ لاکھ تنخواہ ہوتی ہے لیکن مہارت اور تجربہ کی بناء پر کم یا زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

٭ حکمت عملی تیار کرنے والے پروفیشنلس : بازار میں جاری نئے رجحانات کی بناء تحقیق اور اعدادو شمار کے تجزیے کی بناء پر یہ افراد مارکیٹنگ کی حکمت عملی تیار کرنے کے اور ان کے اطلاق کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ ان افراد کی تنخواہیں پانچ تا دس لاکھ روپئے سالانہ ہوتی ہے۔

٭ برانڈ مارکیٹنگ : صارفین کی سوچ، پسند اور ناپسند کے مطابق کمپنی کی پروڈکٹ (برانڈ) کے مقاصد کے حصول کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا ایک برانڈ مارکیٹر کا اہم کام ہے۔ مختلف آلات، اعداد و شمار اور معلومات کی مدد سے وہ صارفین کے بدلتے رجحانات کا اندازہ لگاتا ہے اور کمپنی کے برانڈ کو اس کے مطابق پروموٹ کرتا ہے۔ اوسطاً سالانہ سات تا آٹھ لاکھ روپئے تنخواہ حاصل کرسکتا ہے۔

٭ تحریری مواد تیار کرنا : مارکیٹنگ میں ایک کام صارفین کو سمعی و بصری مواد کے ذریے لبھانا اور اشیاء (پروڈکٹ) کی جانب راغب کرنا ہوتا ہے۔ ایک کانٹینٹ (تحریری مواد فراہم کرنا) اسٹریٹیجسٹ یہی کام انجام دیتا ہے۔ مختلف اشتہارات کی پنچ لائن (Punchline) اسی طرح کی اختراعی اور تخلیقی سوچ کا نتیجہ ہوتی ہے۔ ان پروفیشنلس کی سالانہ اوسطاً چار سے پانچ لاکھ روپئے تنخواہ ہوتی ہے۔

٭ سوشل میڈیا منیجر : مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر کمپنی کی پروڈکٹ کو بہتر طور پر صارفین کے رابطے میں رکھنا، معلومات فراہم کرنا اور ان کی ضروریات کے مطابق اپنے برانڈ کی تشہیر کرنا، سوشل میڈیا منیجر کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس ذمہ داری کے لیے مہارت اور تجربے کی بنیاد پر تنخواہ تین تا آٹھ لاکھ روپئے سالانہ کے درمیان ہوتی ہے۔ ٭ مذکورہ ملازمتوں کے علاوہ اوپر بیان کردہ ملازمتیں بھی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذمرے میں آتی ہیں۔خواہشمند افراد انٹرنیٹ پر مزید سرچ کے ذریعے اس شعبے میں کرئیر کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ ٭٭٭