اے ایم یو:اے آر ڈبلیو یو رینکنگ میں شامل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اے ایم یو
اے ایم یو

 

 

  علی گڑھ،:عالمی یونیورسٹیوں کی اکیڈمک رینکنگ (اے آر ڈبلیو یو) نے، جسے شنگھائی رینکنگ بھی کہا جاتا ہے، 2021ء کی اپنی حالیہ رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کو ہندستان کی ممتاز یونیورسٹیوں میں شامل کیا ہے۔

دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے ایک ہزار اداروں کی اے آر ڈبلیو یو کی درجہ بندی میں صرف 14/ہندستانی ادارے شامل ہیں جن میں چھ یونیورسٹیاں اور آٹھ انسٹی ٹیوٹ آف لرننگ ہیں۔ 2003ء میں شنگھائی رینکنگ کی ابتدا ہونے کے بعد سے اے ایم یو نے اس میں دوسری بار جگہ حاصل کی ہے۔

اس فہرست میں اس سال محض 14/ہندستانی یونیورسٹیاں جگہ حاصل کرسکی ہیں اور ہندستان کے چارتعلیمی اداروں یعنی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، انّا یونیورسٹی، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی روڑکی اور انڈین انسٹی ٹیوٹس آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کو مشترکہ طور سے 11-14کے بریکٹ میں رکھا گیا ہے۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کووڈ وبا کے مشکل وقت میں یونیورسٹی کی درجہ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی تیز رفتار ترقی کے لئے مرکوز کوشش کرنی ہوگی اور اس کے لئے اے ایم یو برادری کے سبھی حلقوں کو یقینی طور سے مثبت کردار نبھانا ہوگا۔

پروفیسر ایم سالم بیگ (چیئرمین،یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی) نے کہا کہ اے آر ڈبلیو یو کی درجہ بندی نوبل انعام یافتگان، فیلڈ میڈلسٹ، زیادہ حوالہ جات والے محققین یا نیچر یا سائنسی مجلّوں میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالات کی تعداد کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ مقالات شائع کرنے والی یونیورسٹیاں جن کے حوالہ جات سائنس سائیٹیشن انڈیکس- ایکسپینڈڈ (ایس سی آئی ای) اور سوشل سائنس سائیٹیشن انڈیکس (ایس ایس سی آئی) میں شامل ہوں، انھیں بھی اس رینکنگ جگہ دی جاتی ہے۔