اے ایم یو: اینٹی نیٹل کلینک اور سنٹرل پیتھالوجی لیب کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-02-2022
اے ایم یو: اینٹی نیٹل کلینک اور سنٹرل پیتھالوجی لیب کا افتتاح
اے ایم یو: اینٹی نیٹل کلینک اور سنٹرل پیتھالوجی لیب کا افتتاح

 

 

آواز دی وائس،علی گڑھ،

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اجمل خاں طبیہ کالج میں زچگی سے قبل حمل کے دوران کی طبی نگہداشت، علاج و تشخیص اور طبی جانچ کے لئے ایک اینٹی نیٹل کلینک اور سنٹرل پیتھالوجی لیب کا افتتاح نامور ماہر امراض اطفال اور اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی اہلیہ ڈاکٹر حمیدہ طارق نے کیا۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس کلینک میں زچگی سے قبل کی طبی دیکھ بھال کم آمدنی والے طبقوں کی خواتین کے لئے ایک بڑی راحت ثابت ہو گی جہاں انھیں زچگی اور حمل کے بندوبست اور صحت کے مسائل کے سلسلہ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا: ”اجمل خاں طبیہ کالج میں سنٹرل پیتھالوجی لیب مختلف بیماریوں کی جانچ کے لئے دیگر سرکاری سہولیات پر بوجھ کو کم کرے گی۔ ڈاکٹر حمیدہ طارق نے فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے ڈین پروفیسر ایف ایس شیرانی اور اجمل خاں طبیہ کالج کی پرنسپل پروفیسر شگفتہ علیم کو قیمتی مشورے بھی دئے۔

پروفیسر شیرانی اور پروفیسر شگفتہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیا کلینک اور لیب انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔

ڈاکٹر حمیدہ طارق نے شعبہ امراض نسواں و اطفال کی سربراہ پروفیسر صبوحی مصطفیٰ، شعبہ علم الامراض کے سربراہ پروفیسر ایم ایم وامق امین اور دیگر اساتذہ کے ہمراہ شعبہ امراض نسواں و اطفال اور شعبہ علم الامراض کا دورہ کیا۔

کلینیکل کنسلٹنٹ ڈاکٹر ثنا صدیقی منگل اور جمعہ کو اینٹی نیٹل کلینک میں مریضوں کو دیکھیں گی جب کہ ڈاکٹر عطاء اللہ فہد سینٹرل پیتھالوجی لیب کے کام کاج کو دیکھیں گے۔