اے ایم یو ۔ طلبہ کے لئے پروفیسر سہیل صابر لائف ٹائم اسکالرشپ کا قیام

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-09-2025
اے ایم یو ۔ طلبہ کے لئے پروفیسر سہیل صابر لائف ٹائم اسکالرشپ کا قیام
اے ایم یو ۔ طلبہ کے لئے پروفیسر سہیل صابر لائف ٹائم اسکالرشپ کا قیام

 



علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے 1988 بیچ کے سابق طلبہ، جو اب امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں مقیم ہیں، نے اے ایم یو کے شعبہ کیمسٹری کے سبکدوش استاد پروفیسر سہیل صابر کی بطور استاد، محقق اور سرپرست خدمات کے اعزاز میں اے ایم یو کے طلبہ کے لیے لائف ٹائم اسکالرشپ قائم کی ہے۔ یہ اقدام، جو علی گڑھ الومنئی ایسوسی ایشن، واشنگٹن ڈی سی(AADC) کی معاونت سے شروع کیا گیا، سابق طلبہ کی مادر علمی کے تئیں محبت اور فلاحی جذبے کی روشن مثال ہے۔

پروفیسر صابر کی علمی اور ادارہ جاتی خدمات نہایت قابل قدر ہیں۔ وہ 2018 تک اے ایم یو الومنئی افیئرز کمیٹی کے چیئرمین اور ہال کے پرووسٹ کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ 2024 میں اپنی سبکدوشی کے بعد انہوں نے ضرورت مند طلبہ کے لیے اسکالرشپ کے قیام کے مقصد کے لیے اے ایم یو کو 50 لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔

AADC کی جانب سے اظہار تشکر کرتے ہوئے، اسکالرشپ کمیٹی کے چیئرمین جناب افضل عثمانی نے کہا: "یہ اعزاز کی بات ہے کہ پروفیسر صابر کے طلبہ اور ان کے بچوں نے ایک نیک مقصد کے لیےAADC کو شریک بنایا۔ ان کی سخاوت اے ایم یو اور سابق طلبہ کے درمیان پائیدار تعلق کی عکاسی کرتی ہے۔"

اے ایم یو الومنئی افیئرز کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر سرتاج تبسم نے کہا: "یہ نیک قدم سرسید کے وژن سے محبت اور وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس لائف ٹائم اسکالرشپ کے قیام کے ذریعے، ہمارے سابق طلبہ نے ایک شاندار مثال قائم کی ہے جو دوسروں کو بھی اے ایم یو کے طلبہ کے لیے تعاون بڑھانے کی ترغیب دے گی۔"