کچھ بھی ہو جائے ہم وادی نہیں چھوڑیں گے:کشمیری پنڈت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2021
کچھ بھی ہو جائے ہم وادی نہیں چھوڑیں گے:کشمیری پنڈت
کچھ بھی ہو جائے ہم وادی نہیں چھوڑیں گے:کشمیری پنڈت

 

 

سرینگر: جموں و کشمیر میں کشمیری پنڈت مسلسل دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔ دو روز قبل پرانے سری نگر میں ہونے والے حملے میں دہشت گردوں کا نشانہ ڈاکٹر سندیپ ماوا تھے، جو کشمیری پنڈت ہیں، ڈرائی فروٹ کی دکان چلا رہے تھے، تاہم اندھیرے کے باعث سیلز مین ابراہیم خان مارا گیا۔

ماوا نے کہا، 'میں پیر کو دکان پر تھا۔ سہ پہر تین بجے پولیس کو کال آئی اور بتایا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے۔ میں فوراً گھر کی طرف روانہ ہوگیا۔ سیلز مین سے کہا کہ شام کو گاڑی گھر پہنچا دے۔ شام کو معلوم ہوا کہ ابراہیم قتل ہو چکا ہے۔ میں اس کی موت پر ہمیشہ افسوس کرتا رہوں گا۔ کاش... دہشت گرد مجھے مار ڈالتے۔'

ماوا ان چند کشمیری پنڈتوں میں سے ایک ہیں جنہیں پولیس نے تحفظ فراہم کیا ہے۔ ماوا آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر سے واپس کشمیر آئے ہیں۔ ان کے والد پر 1990 کی دہائی میں حملہ ہواتھا، لیکن وہ بچ گئے تھے۔ ماوا نے کہا کہ وہ ایسے حملوں کے ڈر سے کشمیر نہیں چھوڑیں گے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ابراہیم جیسے ہی گاڑی میں بیٹھے، فائرنگ شروع ہوگئی۔ ابراہیم کے بھائی فیاض احمد نے بتایا کہ ابراہیم نے اپنے پیچھے بیوی، 19 سالہ بیٹا اور 16 سالہ بیٹی چھوڑی ہے۔ مسلم جانباز فورس نامی دہشت گرد تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

کالونیوں میں پہرے دار، سیکیورٹی اہلکار دروازے پر سامان پہنچا رہے ہیں۔ سیکورٹی کے پیش نظر وادی میں کشمیری پنڈتوں کی کالونی پر سخت پہرہ ہے۔ شیخ پورہ بڈگام، نتنسا (کپوارہ)، کھیر بھوانی مندر (گاندربل)، ہال (پلوامہ) اور متن اور ویسو (اننت ناگ) میں واقع کشمیری کالونیوں میں لاک ڈاؤن جیسی صورتحال ہے۔ باہر والوں کے داخلے پر پابندی ہے۔

یہاں تک کہ ضروری اشیاء بھی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ لوگوں کو باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سکیورٹی اہلکار ان کالونیوں میں باقاعدگی سے پہنچ رہے ہیں۔

گزشتہ 5 ہفتوں میں وادی میں 14 شہری مارے گئے ہیں۔ ان میں 7 غیر مسلم، چار مہاجر مزدور، دو کشمیری پنڈت اور ایک سکھ خاتون شامل ہیں۔

ان حملوں کے پیش نظر کشمیر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ کم از کم 5000 اضافی نیم فوجی اہلکار وادی میں تعینات کیے گئے ہیں، جن میں سے 3000 صرف سری نگر میں تعینات کیے گئے ہیں، جہاں زیادہ تر ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ 808 کشمیری پنڈت خاندانوں نے کبھی وادی نہیں چھوڑی۔

ہلاکتوں کے اس دور کے بعد زیادہ تر کشمیری پنڈت محفوظ مقامات یا جموں چلے گئے ہیں۔ سرکاری محکموں میں کام کرنے والے کشمیری پنڈت گھروں میں ہیں۔ کئی کالجوں میں فیکلٹی ہیں، لیکن ان حملوں کے بعد کوئی بھی کیمپس نہیں جا رہا۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کشمیری پنڈتوں کو سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ کرانہ کی دکان چلانے والے کشمیری پنڈت سنجے کا کہنا ہے کہ ہم گھبراہٹ میں ہیں۔ میں نے بندرو کی موت کے ایک ہفتے بعد تک دکان نہیں کھولی۔ گھر والے ہر وقت پریشان رہتے ہیں۔

انتظامیہ کہہ رہی ہے کہ ہر قسم کے حفاظتی اقدامات کر لیے گئے ہیں پھر یہ قتل و غارت کیوں نہیں رک رہی؟ سری نگر میں خاندان کے ساتھ رہنے والے کشمیری پنڈت چونی لال کا کہنا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے ہم وادی نہیں چھوڑیں گے۔