یوپی حکومت،غریب مسلمانوں کو مفت کرائے گی زیارت کا سفر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 01-12-2021
یوپی حکومت،غریب مسلمانوں کو مفت کرائے گی زیارت کا سفر
یوپی حکومت،غریب مسلمانوں کو مفت کرائے گی زیارت کا سفر

 

 

لکھنو: اب اترپردیش حکومت کا ایک ادارہ مسلمانوں کو بھی صوفیہ کے مزارات کی مفت زیارت کرائے گا۔اسی طرح سکھوں کو بھی ان کے مذہبی مقامات خاص طور پرگردواروں کا سفر کرایا جائے گا۔

حکومت اترپردیش کا ادارہ لیبر ویلفیئر کونسل نے اعلان کیا ہے کہ سکھوں اور مسلمانوں کے لیے مذہبی یاترائوں کا انتظام کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ کونسل کے 82ویں بورڈ اجلاس میں کیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی مزدور خاندانوں کی خواتین کو خود روزگار فراہم کرنے کے لیے سشما سوراج شرمک کلیان یوجنا کو نافذ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ ودھان بھون میں منعقدہ میٹنگ میں کونسل کے صدر سنیل بھرالا نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو فروغ دے رہی ہیں۔

انہوں نے مزدوروں کی بہتری کے لیے تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ سشما سوراج شرمک کلیان یوجنا کے تحت مزدور خاندانوں کی خواتین کو سلائی مشینیں دے کر خود روزگار سے منسلک کیا جائے گا۔ سب نے اس تجویز کو منظوری دی۔

چنانچہ کونسل نے اسکیموں کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 31 دسمبر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین نے کہا کہ اس وقت ریاست میں صرف 20,500 کارخانے اور 6.5 لاکھ تجارتی ادارے اور دکانیں رجسٹرڈ ہیں۔

مناسب رجسٹریشن سے کارخانوں کی تعداد 50 ہزار اور تجارتی اداروں اور دکانوں کی تعداد 50 لاکھ ہو جائے گی۔ میٹنگ میں شرون کمار شرمک پریوار مذہبی سیاحتی اسکیم کا نام بدل کر شرون کمار تیرتھ یاترا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وارانسی سے کاشی-ما وندھیا واسینی-پریاگ راج، گورکھپور سے ایودھیا اور میرٹھ سے شکمبری دیوی کے درشن تک آنے والے سفر کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاست کے سکھ اور مسلم مزدور خاندانوں کو ان کے مذہبی عقائد کے مطابق یاترا بھی کرائی جائے گی۔

بورڈ کے صدر نے کہا کہ اسکیموں سے 25 ہزار افراد کو فائدہ پہنچانے کا ہدف ہے۔ جن اضلاع میں ترقی کی رفتار پانچ فیصد سے کم ہے وہاں کے محکمہ افسران سے جواب طلب کیے جائیں۔