سالار جنگ میوزیم: قرآن کے طویل نسخے کی نمائش

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-04-2022
سالار جنگ میوزیم: قرآن کے طویل نسخے کی نمائش
سالار جنگ میوزیم: قرآن کے طویل نسخے کی نمائش

 


شیخ محمد یونس،حیدرآباد

 سالار جنگ میوزیم میں قرآن مجید اور مقدس اسلامی آثار کی آرٹ نمائش جاری ہے ۔ اس عظیم الشان اورمتبرک نمائش میں فن خطاطی کے دل کو خیرہ کرنے والے نادر اور نایاب طغرے اور کلکشن سب کے توجہ کا مرکز ہیں۔ نمائش میں خصوصیت کے ساتھ قرآن مجید کے دنیا کے سب سے بڑے نسخہ کے ایک پارہ کو بھی رکھا گیا ہے۔

 فن خطاطی کے لئے شہر حیدرآباد عالمی سطح پر شہرت کا حامل ہے۔ سرزمین دکن کے خطاط نے موتیوں کے شہر حیدرآباد کو سارے عالم میں فن خطاطی میں منفرد مقام دلانے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔

نورانی اور متبرک نمائش

مقدس ماہ رمضان میں نور انٹر نیشنل مائیکرو فلم سنٹر نئی دہلی کی جانب سے سالار جنگ میوزیم' کلچرہاوز ایمبسی آف اسلامی جمہوریہ ایران ' عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ ' روزنامہ سیاست' مولانا ابو الکلام آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور ادارہ ادبیات اردو کے تعاون و اشتراک سے متبرک نمائش کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے۔سالار جنگ میوزیم کے میر عباس یار جنگ ہال ویسٹرن بلاک میں نمائش 30اپریل تک جاری رہے گی۔

AWAZ

سالار جنگ میوزیم 

نمائش کا 26اپریل کو افتتاح عمل میں آیا۔ تقریب میں جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ ریاست تلنگانہ ' جناب سید عین الحسن وائس چانسلر مولانا آزاد اردو یونیورسٹی 'ڈاکٹر مہدی خواجہ پیری ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر نئی دہلی ' ڈاکٹر مہدی شاہ رخی ایرانی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد 'ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ' پروفیسر سید تنویر الدین خدانمائی ' پروفیسر ایس اے شکور ' علی اکبر نیرومند ریجنل ڈائرکٹر ساوتھ انڈیا اسٹیٹ و دیگر نے شرکت کی۔

AWAZ

نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے مہمان

 روحانی اور نورانی نمائش کی افتتاحی تقریب کا آغاز عالم اسلام کے نامور و ممتاز قاری و موذن حرم مطہر رضوی استاد ابوالفضل نازدار کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر تفسیر امام حضرت جعفر صادق رضی اللہ تعالی عنہ ' تسلسل مقدس آثار اور قاضی نور اللہ کی تفسیر کی رسم اجراء انجام دی گئی۔

 فن خطاطی میں ہند۔ایران تعلقات مثالی

 ہندوستان اور ایران فن خطاطی میں عالم اسلام کے اہم مراکز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان دونوں ممالک کے درمیان قدیم تہذیبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ خصوصیت کے ساتھ فن خطاطی کے معاملہ میں ہند ۔ ایران تعلقات کی ساری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔دونوں ممالک کے فن خطاطی کے ماہرین اپنے مشترکہ ورثہ کے تحفظ اور فروغ کے لئے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

فن خطاطی کے نادر اور نایاب نمونے

نمائش میں فن خطاطی کے سینکڑوں نمونوں کو رکھا گیا ہے جن میں روزنامہ سیاست کی جانب سے زائد از 130اور نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کی طرف سے 135سے زیادہ نمونے پیش کئے گئے ہیں۔فن خطاطی کے نادر و نایاب نسخے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ شرکا نے ماہ صیام میں مقدس نورانی نمائش کے انعقاد پر خوشنودی کا اظہار کیا ہے۔

قرآن مجید کا طویل ترین نسخہ

نمائش میں قرآن پاک کے دنیا کے سب سے بڑے نسخہ کے ایک پارہ کو رکھا گیا ہے ۔اس قرآن مجید کا حجم 2 x 2میٹر (کھولنے پر) ہے جب کہ اس کی لمبائی دو میٹر اور چوڑائی ایک میٹر ہے ۔ نمائش میں اس پارہ کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگئی ہے ۔ شرکاء بصد عقیدت و احترام نہ صرف اس نادر اور نایاب پارہ کا مشاہدہ کر رہے ہیں بلکہ روحانی تسکین حاصل کر رہے ہیں۔

AWAZ

قرآن کی نمائش

 عالمی شہرت یافتہ خطاطوں کے نادر و نایاب نمونے عوام کو دعوت نظارہ دے رہے ہیں ۔ نمائش میں ممتاز خطاط سید موسی کے علاوہ بزرگ خطاط حمزہ علی قادری ' شمیم احمد بجنوری ' حیدر زیدی لکھنوی ' استاد یوسف اور استاد ممتاز علی و دیگر کے تیار کردہ نمونے رکھے گئے ہیں۔

نمائش کے دوران پانچ روزہ ورکشاپ بھی منعقد کیا جارہا ہے جس سے فن خطاطی کو سیکھنے کے خواہاں افراد استفادہ کررہے ہیں۔