محمد خلیل نے اردو میں سائنس کو بچوں کے لیےبنایا آسان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2022
محمد خلیل نے اردو میں سائنس کو بچوں کے لیےبنایا آسان
محمد خلیل نے اردو میں سائنس کو بچوں کے لیےبنایا آسان

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

ہندوستان میں اردو زبان بھی تعلیم کا ایک اہم ذریعہ ہے، بچوں کی ایک بڑی تعداد اردو میڈیم سےتعلیم حاصل کرتی ہے۔

تاہم اردو زبان میں سائنسی کتابوں کی کمی ہے، اس کے پیش نظر ہندوستان کے معروف مصنف محمد خلیل اردو زبان میں سائنسی معلومات کو بچوں کے درمیان پہنچانے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ بچوں میں سائنسی چیزوں کو پہنچانا ان کی زندگی کا ایک اہم مشن ہے۔

 محمد خلیل نے اپنے طویل  کیریئر کے دوران سائنس اور سائنس دانوں کے بارے میں 80 سے زائد مضامین اور کہانیاں لکھی ہیں۔ اب وہ سائنس کو اردو بولنے والے بچوں تک لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بچوں کے لیے کہانیاں اور مضامین لکھنے کے عوض انہیں بال ساہتیہ اکادمی پراسکر سے بھی نوازا جا چکا  ہے۔

محمد خلیل کہتے ہیں کہ ایوارڈ کے علاوہ، مجھے قارئین سے ملی محبت ہی میرا سب سے بڑا انعام ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میرے ساتھیوں اور دوستوں نے مجھے یاد رکھا ہے۔ 

 وہ کہتے ہیں کہ مجھے اردو رسالہ کھلونا یاد آ رہا ہے۔ ایک زمانے میں، میں اسے پڑھتا تھا اور ان کے لیے خصوصی طور پر لکھتا تھا۔ ان دنوں میں بچوں کے لیے مضامین اور کہانیاں لکھتا تھا۔ بال ساہتیہ ایوارڈ نے مجھے ایک مصنف کے طور پر دوبارہ متحرک کیا ہے اور مجھے اپنے کام کو جاری رکھنے کے لیے ایک نیا حوصلہ دیا ہے۔

دہلی میں مقیم خلیل کہتے ہیں کہ میں نے ہمیشہ یہ تمنا کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچے سائنس کی طرف بڑھیں اور میں بہت خوش ہوں کہ سائنس پر میری تحریریں بچوں کی سمجھ میں آتی ہیں۔ خلیل اردو میں 15 کتابوں اور ہندی میں دو کتابوں کے ساتھ وسیع پیمانے پر شائع ہونے والے مصنف ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ نوجوان نسل کے ساتھ اس زبان میں بات چیت کرنا ضروری ہے جس زبان میں وہ آسانی محسوس کرتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ بہت پہلے جب میں نے ڈاکٹر سی وی رمن پر سائنس کی دنیا نامی کتاب  شائع کی تو اس کی بڑے پیمانے پر تعریف کی گئی۔ اب میں سائنسی حقائق پر مبنی مختصر کہانیوں کے ذریعے بچوں کے ساتھ  بات چیت کرنا چاہتا ہوں تاکہ ان کے ذہن میں سائنسی جھکاؤ پیدا ہو۔

وہ کہتے ہیں کہ نئی  نسل کو سائنسی اصولوں کو سمجھنا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کو بھی سائنس کی طرف جانا چاہیے۔ محمد خلیل جب سائنسی اور صنعتی تحقیق کی کونسل( Council of Scientific and Industrial Research )سے وابستہ تھے ۔ اور ادارے کے ماہنامہ سائنس کی دنیا کی تدوین کرتے تھے۔

بچوں کے لیے لکھی گئی ان کی کتابوں میں عجیب  و غریب جانور، سائنس اور ہم، نہرو اور سائنس، ڈاکٹر سی وی رمن: ایک عظیم سائنس داں اورچچا جان کی سائنسی کہانیاں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اردو میڈیم اسکولوں میں ایک مقبول مقررکے طور پر بھی انہیں بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔ کیوں کہ وہ اُردو زبان میں سائنس پر بات کرنے والے پہلےمصنفین میں سے ایک ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ اردو زبان کے صرف شاعری اور ناولوں کی زبان ہونے کے غلط عقیدے کو ختم کرنے پر خوشی ہوئی ہے۔ محمد خلیل نے اس زبان کو سائنس لیبارٹریوں کے دائرے میں لایا ہے۔  انہوں نے این سی ای آر ٹی کے قومی ایوارڈ کے علاوہ دہلی اردو اکادمی، مغربی بنگال اردو اکادمی، سر سید اور وگیان بھارت ایوارڈ وغیرہ کے متعدد ایوارڈز جیتے ہیں۔

 محمد خلیل کہتے ہیں میرے لیے سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ میں ایک  بچے کو اردو میں سائنس کی کتابیں پڑھتے ہوئے دیکھوں۔