جلگاؤں میں جمعیۃ علماء کی دس روزہ اصلاح معاشرہ اور نشہ مخالف مہم کا آغاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-02-2021
مفتی محمد ہارون ندوی صدر جمعیۃ علماء ضلع جلگاؤں و ڈائریکٹر وائرل نیوز لائیو،جلگاؤں، مہاراشٹر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے
مفتی محمد ہارون ندوی صدر جمعیۃ علماء ضلع جلگاؤں و ڈائریکٹر وائرل نیوز لائیو،جلگاؤں، مہاراشٹر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے

 

ممبئی

منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ہر عمر کے افراد اس تکلیف دہ لت میں مبتلا ہورہے ہیں،بہت سے شوق میں دوسروں کی نقل یا فیشن کے طور پر اپناتے ہیں،لیکن بعد میں وہ ایسی عادت یا مجبوری بن جاتے ہیں جن کو کوشش کے باوجود چھوڑنا ممکن نہیں رہتا۔منشیات سے صرف انسان ہی نہیں بلکہ اس کی زندگی، گھر،معاشرہ اور قوم تباہ و برباد ہوجاتی ہے۔اسی وجہ سے منشیات کو لعنت کہا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار مفتی محمد ہارون ندوی صدر جمعیۃ علماء ضلع جلگاؤں و ڈائریکٹر وائرل نیوز لائیو،جلگاؤں،مہاراشٹر انڈیانے رضا کالونی دتہ نگر،جلگاؤں میں اصلاح معاشرہ اور نشہ مخالف مہم کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

مفتی محمدہارون ندوی نے نشہ کے مضرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منشیات کے استعمال کی پہلی سیڑھی سگریٹ نوشی ہے،جبکہ پہلے سے نشہ کے عادی افراد بھی منشیات فروشوں کے آلہ کار بن کر دوسروں کو مفت منشیات کی لت لگا کر بعد میں انہی کے ہاتھوں منشیات فروخت کرنے لگتے ہیں۔منشیات کا استعمال اتنی بری عادت ہے کہ یہ انسان سے جائز و ناجائز ہر کام کروالیتی ہے۔

مفتی محمدہارون ندوی نے کہا کہ منشیات کا زہر ہمارے معاشرے کے مستقبل کو بھی دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ہمارے معاشرہ میں کم عمر افراد نشے کو بطور فیشن اپناتے ہیں جبکہ بالغ اور پختہ عمر کے لوگ ذہنی دباؤ اور دیگر امراض سے وقتی سکون حاصل کرنے کے لئے اس لعنت کا سہارا لیتے ہیں۔ مفتی محمد ہارون ندوی نے ہر فرد کو نشہ جیسی بر ی عادت سے بچنے اور سماج کو اس لعنت سے بچانے کی فکردلائی،ساتھ ہی اس طرح کے کاروبارپر پابندی کے لئے تحریک چلانے اور معاشرہ میں پھیلی ہوئی رسم و رواج اور برائیوں کے خاتمہ کے لئے تحریک چلانے کی ترغیب دی۔