بناسکانتھا : جہاں ’محمد بھائی‘ کے دیے ہیں مشہور

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-10-2021
بناسکانتھا : جہاں ’محمد بھائی‘ کے دیے ہیں مشہور
بناسکانتھا : جہاں ’محمد بھائی‘ کے دیے ہیں مشہور

 

 

آواز دی وائس، دیوالی ایک بڑا تہوار ہے، اسے روشنیوں کا تہوارکہا جاتا ہے۔ اس تہوار میں عام طور پر گھروں میں صاف صفائی ہوتی ہے، اس کے بعد دیے جلائے جاتے ہیں۔عام طور پر دیے مٹی کے جلائے جاتے ہیں، تاہم اب الیکڑک دیے کارواج شروع ہوگیا ہے، دیوالی سے قبل لوگ اپنے گھروں میں لائٹنگ کرتے ہیں۔

دیوالی بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتی ہے، ایسا کہا جاتا ہے کہ رام کے بنواس سے لوٹنے کے بعد گھروں میں دیے جلائے گئےتھے، اس کے بعد سے یہ رواج چل پڑا۔ہندوستان کے کئی علاقوں میں کچھ ایک مسلمان بھی دیوالی کے تہوار مناتے ہیں۔

ریاست گجرات کے  بناسکا نتھا ضلع  کے بلاک ڈیسا کے گاوں جھیردا میں ایک مسلم خاندان ہے، جہاں برسوں سے دیوالی کے دیے بنائے جا رہے ہیں۔

اس خاندان کے سربراہ محمد بھائی سمارا ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مٹی کے دیے بنانے کا کام انہیں وراثت میں ملا ہے،ان کے آبا واجداد بھی مٹی کےدیے بنایا کرتے تھے۔

ہندوستان کے مختلف حصوں میں ان کے بنائے ہوئے بھیجے جاتے ہیں۔ ان کے دیے کی مانگ بیرون ممالک میں بھی ہے۔

فی الوقت ان کے دیے بنانے کا کاروبار ایک کروڑ روپئے سے زائد کا ہے۔ سمارا کہتے ہیں دیوالی نہ صرف روشنیوں کا تہوار ہے، بلکہ یہ اتحاد و بھائی چارہ کی بھی علامت ہے۔ سمارا کا کام اس بات کی گواہی دے رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ابتداً ان کا کام مقامی سطح پر ہوتا تھا، اس کے بعد انہوں نے اپنے بنائے ہوئے دیے باہر بھیجنے شروع کر دیے۔

انھوں نے اپنے کاروبار کو بڑا کرنے کے لیے بینک سے کچھ پیسے قرض لیے اور گاوں کے اندر ہی مٹی کے دیے بنانے کا کارخانہ قائم کیا۔اس کارخانہ میں ان دنوں15 مزدور کام کر رہے ہیں۔

سمارا کہتے ہیں کہ ان کا کام دس پیسے سے شروع ہوا تھا، اب ان کا کاروبار ایک کروڑ روپئے سے زیادہ کا ہو چکا ہے۔ ان کے بنائے ہوئے دیے، امریکہ، آسٹریلیا، برطانیہ، کناڈا اور فرانس کے علاوہ مختلف ممالک میں جاتے ہیں۔اور بیرون ممالک میں بسنے والے ہندو اپنے دیش کی مٹی سے بنائے ہوئے دیے کو بدیش میں جلاتے ہیں اور تہوار خوشی خوشی مناتے ہیں۔

ضلع  بناسکا نتھا کے تمام افراد سمارا کی عزت کرتے ہیں اور ان کے کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو کہ ہندو مسلم اتحاد کی مثال بنے ہوئے ہیں۔

خریداروں کو سمارا کے بنائے ہوئے دیے بہت پسند ہیں،وہ اپنے کارخانے میں بنائے گئے مٹی کے دیے پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ وہ رنگ برنگے دیے بنواتے ہیں اور دیے کی ڈیزائن اور خوبصورتی پربھی خاص توجہ دیتے ہیں تاکہ جب اسے رات کے وقت،اس میں تیل رکھ کر جلایا جائے تو وہ مزید خوبصورت لگے ۔