ثاقب سلیم
نیلسن منڈیلا کہا کرتے تھے ۔۔۔تعلیم سب سے طاقتور ہتھیار ہے جسے استعمال کر کے دنیا کو بدلا جا سکتا ہے۔
اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے ایک چھوٹے سے قصبے پرقاضی میں، نگر پنچایت کے چیئرمین ظہیر فاروقی نوجوان نسل کو یہی سب سے طاقتور ہتھیار تھما رہے ہیں۔ ایک ایسی دنیا میں جہاں سیاستدان بدعنوانی کے ذریعے دولت جمع کرنے کے لیے بدنام ہیں، فاروقی نے قصبے میں پہلے انٹرمیڈیٹ کالج (ہائر سیکنڈری اسکول) کے قیام کے لیے اپنی ذاتی زمین وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس زمین کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
کسان رہنما اور قانون داں شخصیت ہونے کے ناطے ظہیر فاروقی کئی برسوں سے قصبے میں ایک ہائر سیکنڈری اسکول کی ضرورت پر زور دیتے آئے ہیں۔ اس وقت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے قریبی قصبوں کا سفر کرنا پڑتا ہے کیونکہ پورقاضی میں موجود اسکول صرف پرائمری سطح تک تعلیم فراہم کرتا ہے۔وہ 2017 میں پہلی بار نگر پنچایت کے چیئرمین منتخب ہوئے، تب سے تعلیم ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقینی بنایا کہ پرائمری جماعتوں کے بچوں کو کلاس رومز میں کرسیوں اور میزوں کی سہولت حاصل ہو۔ کلاس رومز کو اسمارٹ کلاسز میں بھی تبدیل کیا گیا۔ ان کوششوں کے اعتراف کے طور پر اسکول کو اب مرکزی حکومت کی ’پی ایم شری اسکیم‘ کے تحت شامل کیا گیا ہے۔
تعلیم کے ساتھ ساتھ کسانوں سے جڑے مسائل بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایک عمومی خیال یہ ہے کہ مسلمان گاؤشالاؤں کے قیام اور نگہداشت میں دلچسپی نہیں لیتے۔ حکومت کی طرف سے گاؤشالاؤں کے قیام کے لیے فنڈ مختص کیے گئے، لیکن کئی پنچایتیں ان فنڈز کو استعمال نہ کر سکیں، یا بمشکل چھوٹی گاؤشالائیں قائم کر سکیں۔ اس کے برعکس، ظہیر فاروقی کی قیادت میں نگر پنچایت نے ان فنڈز کا استعمال ملک کی مبینہ پہلی دو منزلہ سرکاری گاؤشالا کے قیام کے لیے کیا۔
اس گاؤشالا میں بچھڑوں حاملہ گایوں، زخمی گایوں اور بوڑھی گایوں کے لیے علیحدہ علیحدہ جگہیں مختص کی گئی ہیں۔ یہاں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جاتی ہے اور چارہ کاٹنے والی مشین موجود ہے۔ ایک ویٹرنری ڈاکٹر روزانہ گایوں کا طبی معائنہ کرتا ہے۔ گائے کے گوبر سے کھاد بنائی جاتی ہے، جسے فروخت کر کے گاؤشالا کی مالیاتی خود کفالت یقینی بنائی گئی ہے۔شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے نگر پنچایت نے پورے قصبے میں جدید انٹرنیٹ پروسیسنگ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں تاکہ جرائم پر قابو پایا جا سکے۔
ظہیر فاروقی کی زندگی کے مختلف پہلو
یہ کیمرے گاڑیوں کے نمبر پلیٹ بھی پڑھ سکتے ہیں اور انہیں قصبے کے داخلی اور خارجی مقامات پر نصب کیا گیا ہے۔ اس اقدام کی پہلی کامیابی اس وقت سامنے آئی جب مظفر نگر پولیس نے اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک ریپسٹ کو گرفتار کیا، جس نے پرقاضی کے نزدیک ایک چھ سالہ دلت بچی کے ساتھ زیادتی کی تھی۔مقامی درزی تنویر عالم نے بتایا کہ اتراکھنڈ پولیس نےان کیمروں کی مدد سے کیس حل کیا۔ قصبے کی کئی خواتین نے کہا ہے کہ ان کیمروں کی موجودگی سے عورتوں میں تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔ ہر کیمرے کے ساتھ لاوڈ اسپیکر منسلک ہے، جو ایک مرکزی آڈیو سسٹم سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس سسٹم کے ذریعے حکومت کی اسکیموں کے بارے میں عوام کو آگاہی دی جاتی ہے اور ہنگامی صورتحال میں انتباہ جاری کیے جاتے ہیں۔
خواتین کے لیے بنا جم ایک مثال بنا
اپنی نوعیت کی پہلی مثال کے طور پر، خواتین کے لیے قائم کی جانے والی جِم نے دیہی خواتین، خاص طور پر مسلم خواتین میں صحت و فٹنس کے بارے میں شعور پیدا کیا ہے، جبکہ سیکیورٹی کیمروں سے ان کی حفاظت یقینی بنائی گئی ہے۔یہ جِم 2019 میں حکومت کے تعاون سے قائم کی گئی تھی، اگرچہ ابتدا میں اس کی کامیابی پر شبہ ظاہر کیا گیا کیونکہ یہ کمیونٹی روایتاً پردے کی پابند ہے۔ تاہم، جِم کی ٹرینر شاہین عثمانی برقع پہن کر آتی ہیں اور اندر جا کر ہی اسے اتارتی ہیں۔ شاہین کہتی ہیں کہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی، لیکن جِم نے یہاں کی خواتین کی تولیدی صحت میں نمایاں بہتری لائی ہے۔ فی الحال اس جِم کی تقریباً سو ممبرز ہیں۔
پرقاضی کے مقامی لوگوں نے ظہیر فاروقی کی قیادت میں، سولی والا باغ (یعنی پھانسی کا باغ) کو ایک قومی زیارت گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں 1857 کی جنگ آزادی کے دوران انقلابیوں کو پھانسی دی گئی تھی۔ ہر سال 15 اگست اور 26 جنوری کو یہاں ہزاروں افراد جمع ہوتے ہیں،دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ کسی بھی نگر پنچایت کی سب سے بڑی ترنگا یاترا ہوتی ہے۔ظہیر فاروقی وہ ہندوستانی مسلمان ہیں جو جڑوں کی سطح پر تبدیلی لا رہے ہیں۔ وہ عام لوگوں کو سرکاری اسکیموں اور فنڈز سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔نوجوانوں کی تعلیم، خواتین کی صحت، جرائم کا خاتمہ، قوم پرستی کا جذبہ پیدا کرنا اور ہندو مسلم اتحاد ۔ یہ سب ان کے بنیادی اہداف میں شامل ہیں۔