Story by اے این آئی | Posted by Aamnah Farooque | Date 12-11-2025
شیراز خان کا "یس وی کین": تبدیلی کے سفر کی کہانی
ودوشی گور ۔ نئی دہلی
ایک ایسے دور میں جب لوگ مذہب، طبقے یا پس منظر کی بنیاد پر بٹے ہوئے محسوس کرتے ہیں، "یس وی کین" امید اور یکجہتی کی ایک روشن مثال بن کر سامنے آیا ہے۔ یہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو کمیونٹی کو مضبوط بنانے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ترقی کے محفوظ مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس تحریک کے مرکز میں ہیں شیراز خان ۔پرانی دہلی کے وہ نوجوان تبدیلی کے علمبردار جنہوں نے اپنی ذاتی جدوجہد، عزم اور خود شناسی کے ذریعے اس تحریک کو جنم دیا۔
یس وی کین کا بیج 2015 میں بویا گیا تھا۔ شیراز خان اور ان کے شریکِ بانی ندیش کے لیے کورونا وبا صرف ایک بحران نہیں تھی، بلکہ ایک انتباہ بھی تھی۔ انہوں نے محسوس کیا کہ لوگوں کو صرف مادی امداد نہیں، بلکہ حوصلہ، رہنمائی اور ایک مددگار سماج کی ضرورت ہے۔
اسی سوچ کے تحت انہوں نے یس وی کین کو صرف ایک این جی او نہیں بلکہ ایک پلیٹ فارم کے طور پر تشکیل دیا، جہاں مختلف پس منظر سے آنے والے لوگ اپنے خوابوں پر یقین کرنے کا حوصلہ پاتے ہیں۔ ابتدائی سطح کی بیداری مہمات سے لے کر نوجوان قیادت والے گروپوں کے ساتھ تعاون تک، یس وی کین تیزی سے ایک ایسی جگہ بن چکا ہے جہاں امید عمل سے ملتی ہے۔ شیراز خان اکثر کہتے ہیں کہ یہ خیرات نہیں، خود مختاری کی تحریک ہے۔ یہی جذبہ تنظیم کے اس اصول کو ظاہر کرتا ہے کہ مقصد انحصار نہیں، بلکہ حوصلہ پیدا کرنا ہے۔ یس وی کین کو سمجھنے کے لیے شیراز خان کو سمجھنا ضروری ہے۔ جیسا کہ ان کے بارے میں اکثر کہا جاتا ہے کہ ہندوستان کا دل ہے دِلی، دِلی کا دل ہے پرانی دِلی، اور پرانی دِلی کا دل ہے شیراز خان۔
پرانی دہلی کے گلی کوچوں میں پیدا ہونے والے شیراز کی پرورش روایت اور ثقافت کے دامن میں ہوئی۔ ایک مذہبی مسلم گھرانے سے تعلق رکھنے کے باعث، ان کے والدین نے اس بات کا خیال رکھا کہ وہ جدید تعلیم اور دینی تعلیم دونوں حاصل کریں۔ شیراز نے انگلش میڈیم اسکول میں تعلیم حاصل کی، ساتھ ہی مدرسے میں قرآن حفظ کیا، اور حافظِ قرآن بنے۔ ایک کارنامہ جس نے ان میں نظم و ضبط اور استقامت پیدا کی۔ لیکن ان کے اندر کچھ نیا کرنے، آگے بڑھنے اوراپنی شناخت بنانے کی تڑپ تھی۔ وہ محض والد کے سہارے جینے کے خواہشمند نہیں تھے۔ یہی بے چینی انہیں ایک نئے سفر پر لے گئی ایک ایسا سفر جو انہیں آج کے رہنما کے طور پر تراش گیا۔
شیراز کی پہلی نوکری ایک کال سینٹر میں تھی سماجی خدمت سے بظاہر بالکل مختلف۔ مگر یہی تجربہ ان کے پیشہ ورانہ نکھار کی بنیاد بنا۔ وہاں انہوں نے اعتماد، گفتگو کی مہارت، اور شخصیت کی مضبوطی سیکھی۔ اس کے بعد ان کی تخلیقی روح انہیں دہلی کے ایک ڈانس اسٹوڈیو تک لے گئی، جہاں سے انہیں ماڈلنگ کے مواقع ملے اور وہیں سے ان کے اندر اداکاری کا خواب بیدار ہوا۔ اسی خواب کے پیچھے وہ ممبئی چلے گئے ۔
وہ یاد کرتے ہیں کہ ممبئی میں، بہت سے دوسرے فنکاروں کی طرح، شیراز نے جدوجہد کا سامنا کیا۔ مگر ان کی خوش اخلاقی اور میل جول کی فطرت نے انہیں ایسے لوگوں سے ملوایا جنہوں نے مدد کا ہاتھ بڑھایا۔ "کچھ نیک دل لوگوں نے مجھے مفت میں اپنے گھر میں ٹھہرنے دیا۔ وہ مجھے ان محفلوں میں لے گئے جہاں فلم انڈسٹری کے لوگ ملتے تھے۔ ایسے ہی میں نے اپنے رابطے بنائے۔ رفتہ رفتہ انہوں نے ٹی وی سیریلز اور ریئلٹی شوز میں کردار حاصل کیے وہ خواب جو کبھی پرانی دہلی کی تنگ گلیوں میں ناقابلِ تصور لگتا تھا۔ لیکن جیسے ہی ان کا کیریئر سنبھلنے لگا، کووِڈ-19 کی وبا نے سب کچھ بدل دیا۔
یہی ٹھہراؤ شیراز کے لیے خود احتسابی کا لمحہ بن گیا۔ ایک دوست کے مشورے پر انہوں نے پوڈکاسٹنگ شروع کی اور جلد ہی سمجھ گئے کہ کامیابی کا مطلب صرف ذاتی شہرت نہیں بلکہ دوسروں کو حوصلہ دینا بھی ہے۔ اسی احساس نے جنم دیا "یس وی کین" کو۔ ندیش کے ساتھ مل کر، شیراز نے ایک ایسی تنظیم قائم کی جو صرف وبا کے دنوں کے لیے نہیں بلکہ ہمیشہ کے لیے ایک کمیونٹی تحریک بن گئی۔
یس وی کین کا مقصد سادہ مگر گہرا ہے
یہ اُن لوگوں کو جو خود کو غیر اہم یا بے آواز سمجھتے ہیں، اُنہیں آواز اور اعتماد دیتا ہے۔ چاہے وہ مینٹورشپ پروگرامز ہوں، اسکولوں کے ساتھ تعاون یا نوجوانوں کے لیے آگاہی مہمات ہر سرگرمی ایک ہی اصول پر مبنی ہے کہ تبدیلی ممکن ہے جب ہم مل کر کام کریں۔ شیراز کی اپنی زندگی، جس میں انہوں نے مالی تنگی، نامعلوم راستے اور نئی شروعاتوں کا سامنا کیا، انہیں آج کے نوجوانوں کے قریب لاتی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ میں جانتا ہوں خواب دیکھنا آسان ہے، مگر ان کے لیے راستہ ڈھونڈنا مشکل۔ یس وی کین کے ذریعے ہم لوگوں کو دکھانا چاہتے ہیں کہ اُن کا ماضی اُن کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرتا۔ شیراز خان کی کہانی اس لیے منفرد ہے کہ انہوں نے اپنی کامیابی کو خدمت میں بدلا۔ پرانی دہلی کے ایک حافظِ قرآن سے لے کر ممبئی کے ماڈل اور اداکار تک، اور اب ایک متحرک تنظیم کے بانی تک ۔ انہوں نے خود کو بار بار نیا جنم دیا۔ ان کی زندگی کا ہر باب اگلے باب کے لیے روشنی بن گیا۔
آج شیراز خان کا خواب ہے کہ یس وی کین کو پورے ہندوستان میں پھیلایا جائے۔ وہ اسکولوں، نوجوان گروپوں، اور مقامی رہنماؤں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ملک گیر بیداری اور خود مختاری کی تحریک شروع کرنا چاہتے ہیں۔ اور تنظیم کا پیغام واضح ہے کہ تبدیلی بڑے کاموں سے نہیں، یقین سے شروع ہوتی ہے ‘یس وی کین’!۔۔۔