نئی دہلی
ہفتے کے چوتھے کاروباری دن، جمعرات کو ہندوستانی شیئر بازار نے مضبوطی کے ساتھ کاروبار کا آغاز کیا۔ اس دوران بی ایس ای کا 30 شیئرز پر مشتمل حساس اشاریہ سینسیکس 146 پوائنٹس یا 0.17 فیصد کی بڑھت کے ساتھ 83,880 پر کھلا، جبکہ نفٹی 50 19 پوائنٹس یا 0.07 فیصد اضافے کے ساتھ 25,839 پر اوپن ہوا۔ وسیع تر مارکیٹ میں نفٹی مڈکیپ 100 ابتدائی کاروبار میں 0.02 فیصد اور نفٹی اسمال کیپ 100 0.17 فیصد اوپر رہا۔
ایشیائی بازاروں میں تیزی
وال اسٹریٹ میں راتوں رات تیزی کے بعد جمعرات کو ایشیائی اشاریوں میں بھی مضبوطی دیکھی گئی۔ جاپان کا نکّیئی 225 0.52 فیصد بڑھا، جبکہ ٹوپکس میں 0.39 فیصد کی تیزی رہی۔ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 2.76 فیصد اچھل کر نئی ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح اسمال کیپ کوسڈیک بھی 0.59 فیصد آگے بڑھا۔ لُونر نیو ایئر کی تعطیل کے باعث ہانگ کانگ اور چین میں بازار بند رہے۔
وال اسٹریٹ کا حال
امریکی شیئر بازار بدھ کو تیزی کے ساتھ بند ہوا۔ اس دوران سرمایہ کاروں کی توجہ فیڈرل ریزرو کی میٹنگ کے جاری کردہ منٹس پر مرکوز رہی۔ بدھ کے روز ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 0.56 فیصد بڑھ کر 6,881.31 پر بند ہوا، جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ 0.78 فیصد اضافے کے ساتھ 22,753.63 پر بند ہوا۔ اسی دوران ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج 129.47 پوائنٹس یا 0.26 فیصد چڑھ کر 49,662.66 پر بند ہونے میں کامیاب رہا۔
یو ایس فیڈ میٹنگ منٹس
امریکی فیڈرل ریسیرو کی گزشتہ ماہ ہونے والی میٹنگ کے منٹس تین ہفتے بعد 18 فروری کو جاری کیے گئے۔ یہ عام طور پر پہلے منعقد ہونے والی مانیٹری پالیسی میٹنگ کا تفصیلی ریکارڈ ہوتے ہیں۔ یو ایس فیڈ کے حکام پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ آنے والے وقت میں شرحِ سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ ان میں سے بیشتر کا ماننا تھا کہ شرحِ سود میں کمی سے پہلے مہنگائی کے رجحان پر زیادہ توجہ دینا ضروری ہے — اور اس عمل میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
۔27–28 جنوری کی میٹنگ میں دو حکام شرحِ سود کو مستحکم رکھنے کے فیصلے کے مخالف نظر آئے۔ میٹنگ کے منٹس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ دیگر حکام شرحِ سود میں کمی یا اضافے کے امکانات کو برابر سمجھتے ہوئے غیر جانبدار مؤقف پر قائم رہے۔