اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل گراوٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-01-2026
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل گراوٹ
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل گراوٹ

 



ممبئی/ آواز دی وائس
بدھ کو گھریلو شیئر بازاروں میں مسلسل دوسرے کاروباری سیشن میں بھی گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا۔ عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان آئی ٹی اور منتخب بینکنگ شیئرز میں فروخت کے دباؤ کے باعث سینسیکس 245 پوائنٹس ٹوٹ گیا جبکہ نفٹی میں 66 پوائنٹس کی کمی درج کی گئی۔
غیر ملکی زرِ مبادلہ کے تاجروں کے مطابق، غیر ملکی سرمایہ کی مسلسل نکاسی اور محصولات (ٹیکس) سے متعلق نئی غیر یقینی صورتحال نے بھی سرمایہ کاروں کے جذبات کو متاثر کیا۔
تیس شیئرز پر مشتمل بی ایس ای سینسیکس 244.98 پوائنٹس یا 0.29 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 83,382.71 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران یہ 442.49 پوائنٹس یا 0.52 فیصد پھسل کر 83,185.20 پوائنٹس تک آ گیا تھا۔
این ایس ای نفٹی 66.70 پوائنٹس یا 0.26 فیصد کی کمی کے ساتھ 25,665.60 پوائنٹس پر بند ہوا۔ سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز، ایشین پینٹس، ماروتی، سن فارما، ہندوستان یونیلیر، آئی سی آئی سی آئی بینک، کوٹک مہندرا بینک، ٹیک مہندرا، ایچ ڈی ایف سی بینک اور لارسن اینڈ ٹوبرو کے شیئرز نمایاں طور پر نقصان میں رہے۔
دوسری جانب ٹاٹا اسٹیل، این ٹی پی سی، ایکسس بینک اور الٹراٹیک سیمنٹ کے شیئرز میں تیزی دیکھی گئی۔ایشیا کی مارکیٹوں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، جاپان کا نکی 225 اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ تیزی کے ساتھ بند ہوئے، جبکہ چین کا ایس ایس ای کمپوزٹ خسارے میں رہا۔
یورپ کی بڑی مارکیٹوں میں دوپہر کے کاروبار کے دوران مثبت رجحان دیکھا گیا، جبکہ امریکی مارکیٹیں منگل کو گراوٹ کے ساتھ بند ہوئی تھیں۔ عالمی معیار کے برینٹ کروڈ کی قیمت 0.99 فیصد کی کمی کے ساتھ 64.82 ڈالر فی بیرل رہی۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) نے منگل کو فروخت کی اور مجموعی طور پر 1,499.81 کروڑ روپے کے شیئرز بیچے، جبکہ گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ڈی آئی آئی) نے 1,181.78 کروڑ روپے کے شیئرز خریدے۔واضح رہے کہ منگل کو بھی سینسیکس 250.48 پوائنٹس اور نفٹی 57.95 پوائنٹس ٹوٹا تھا۔