اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن گراوٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 31-10-2025
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن گراوٹ
اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن گراوٹ

 



ممبئی/ آواز دی وائس
نجی بینکوں کے شیئرز میں فروخت اور عالمی بازاروں میں کمزوری کے سبب جمعہ کو مقامی شیئر بازار مسلسل دوسرے دن بھی نقصان میں رہے۔ سینسیکس تقریباً 466 پوائنٹس گر گیا جبکہ نفٹی میں 156 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔
بی ایس ای کے 30 حصص پر مشتمل معیار ی انڈیکس سینسیکس 465.75 پوائنٹس یعنی 0.55 فیصد گر کر 83,938.71 پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران ایک موقع پر یہ 498.8 پوائنٹس گر کر 83,905.66 تک پہنچ گیا تھا۔ این ایس ای کے 50 حصص والے نفٹی انڈیکس میں 155.75 پوائنٹس یا 0.60 فیصد کی کمی ہوئی اور یہ 25,722.10 پر بند ہوا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی فروخت، کمپنیوں کے ملے جلے نتائج، اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود پر غیر واضح موقف نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا۔سینسیکس کی کمپنیوں میں ایٹرنل، این ٹی پی سی، کوٹک مہندرا بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک، بجاج فِن سرو، پاور گرڈ، ٹرینٹ اور ایچ ڈی ایف سی بینک میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔
تاہم ہندوستان الیکٹرانکس، لارسن اینڈ ٹوبرو، ٹاٹا کنسلٹینسی سروسز، آئی ٹی سی اور ہندوستانی اسٹیٹ بینک کے حصص میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ایشیا کے دیگر بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی اور جاپان کا نکئی اضافہ کے ساتھ بند ہوئے، جبکہ چین کا شنگھائی کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس مندی میں رہے۔یورپ کے بازار دوپہر کے سیشن میں گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے، جبکہ امریکی بازار جمعرات کو مندی کے ساتھ بند ہوئے۔
عالمی تیل معیار برینٹ کروڈ 0.31 فیصد گر کر 64.80 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔