ممبئی
منگل کے روز گھریلو شیئر بازاروں سینسیکس اور نفٹی میں ابتدائی کاروبار کے دوران تقریباً ایک فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔تاجروں کے مطابق، خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے محصولات سے متعلق حالیہ بیانات کے بعد عالمی تجارت کے بارے میں نئی تشویش نے بھی سرمایہ کاروں کے جذبات کو متاثر کیا۔بی ایس ای سینسیکس ابتدائی کاروبار میں 813.13 پوائنٹس یا 0.97 فیصد کی کمی کے ساتھ 82,481.53 پوائنٹس پر آ گیا، جبکہ این ایس ای نفٹی 230.15 پوائنٹس یا 0.89 فیصد پھسل کر 25,482.85 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے ایٹرنل کے حصص میں سب سے زیادہ 3.82 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔ ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز، انفوسس، ٹیک مہندرا، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز، بھارتی ایئرٹیل، بجاج فنانس، بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ، ٹرینٹ، اڈانی پورٹس، آئی ٹی سی اور ٹائٹن کے حصص میں بھی کمی درج کی گئی۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف انڈیا، ایکسس بینک، پاور گرڈ، ایشین پینٹس، کوٹک مہندرا بینک اور ٹاٹا اسٹیل کے حصص فائدے میں رہے۔
ایشیا کے بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، چین کا ایس ایس ای کمپوزٹ اور جاپان کا نِکّے 225 تیزی میں رہے، جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتا رہا۔
امریکی شیئر بازار پیر کے روز تقریباً دو فیصد کی کمی کے ساتھ بند ہوئے تھے۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت ایک فیصد اضافے کے ساتھ 72.13 ڈالر فی بیرل رہی۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار پیر کے روز خریدار رہے اور انہوں نے 3,483.70 کروڑ روپے کے حصص خریدے۔ اس کے برعکس، گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے 1,292.24 کروڑ روپے کے حصص کی خالص فروخت کی۔