تیل کی قیمتوں میں 8 دنوں میں ساتویں مرتبہ اضافہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-03-2022
تیل کی قیمتوں میں 8 دنوں میں ساتویں مرتبہ اضافہ
تیل کی قیمتوں میں 8 دنوں میں ساتویں مرتبہ اضافہ

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

خام تیل کی قیمتیں مسلسل نیچے آرہی ہیں۔ پیر کو بھی ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (MCX) پر خام تیل کی قیمتیں 5.20 فیصد یا 450 روپے فی بیرل گر کر 8,120 روپے فی بیرل ہوگئیں۔ اس کے باوجود ملک میں گزشتہ 8 دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔

منگل کو بھی تیل کی قیمتوں میں 8 دنوں میں 7 مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ پیٹرول کی قیمت میں 80 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ 5 ماہ بعد دہلی میں پٹرول پھر100روپے فی لیٹر کو پار کر گیا ہے۔

کرسل ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا نقصان پورا کرنے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 سے 20 روپے تک اضافہ کرنا پڑے گا۔ اس نقطہ نظر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید 18 روپے کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

حال ہی میں موڈیز ریٹنگ ایجنسی نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان کے سب سے بڑے ایندھن کے خوردہ فروش IOC، BPCL اور HPCL نے نومبر اور مارچ کے درمیان تقریباً 2.25 بلین ڈالر (19 ہزار کروڑ روپے) کا نقصان ہوا ہے۔

ریٹنگ ایجنسی نے کہا ہم توقع کرتے ہیں کہ حکومت نقصان سے بچنے کے لیے ریفائنری کو قیمتیں بڑھانے کی اجازت دے گی۔ لگاتار دو دن تک 80-80 پیسے اضافے کے بعد موڈیز نے کہا تھا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار اضافہ نہیں بلکہ آہستہ آہستہ اضافہ کیا جائے گا۔

 پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس کے صدر پردیپ ملتانی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے سے بہت مدد ملے گی۔ یہ معیشت کے لیے اچھا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح دن بدن قیمتیں بڑھ رہی ہیں اب پٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانا ہوگا۔