آواز دی وائس : نئی دہلی
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے نیا آئی فون 14 ہندوستان میں تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایپل نے اپنی مصنوعات کی پروڈکشن کے لیے چین پر انحصار کم کرنے کے بعد ہندوستان میں نئے آئی فون کی تیاری کا کہا ہے۔رواں ماہ کے شروع میں ایپل نے نیا آئی فون 14 لانچ کیا ہے جس میں حفاظتی فیچرز متعارف کرنے پر زیادہ زور دیا گیا۔ جو کہ ہندوستان میں ’میک ان انڈیا‘ مہم کی بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
تجزیہ کار جے پی مورگن کے اندازے کے مطابق سال 2022 کے آخر میں آئی فون کی پروڈکشن کا پانچ فیصد ہندوستان میں منتقل ہونے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ چین کے بعد اسمارٹ فون کی دوسری بڑی مارکیٹ ہندوستان میں ہے۔ جے پی مورگن نے کہا کہ سال 2025 تک ہر چار آئی فونز میں سے ایک ہندوستان میں تیار کیا جائے گا۔
ایپل نے 2017 میں آئی فون ایس ای کے ساتھ ہندوستان میں آئی فونز کی تیاری شروع کی تھی۔ اس نے بعد میں ملک میں آئی فون 12، آئی فون 13، اور اب آئی فون 14 سمیت دیگر آئی فون ماڈلز بنانا شروع کیے۔
تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ ایپل 2025 تک ہندوستان کو آئی فون مینوفیکچرنگ کے ایک عالمی مرکز میں بدل دے گا کیونکہ اس نے آہستہ آہستہ چین پر اپنا انحصار کم کیا ہے، جہاں وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے اپنے آلات کی زیادہ تر پیداوار کر رہا ہے۔
دو ہفتے قبل متعارف ہونے والا آئی فون 14 دو سائز میں موجود ہے یعنی معمول کے آئی فون 14 اور بڑی اسکرین یا ڈسپلے کے ساتھ آئی فون 14 پلس۔ نئے فون میں سیٹلائٹ کے ذریعے ایمرجنسی کال بھیجنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جبکہ گاڑی کو ممکنہ حادثے کی نشاندہی کرنے والا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ایپل نے آئی فون کے ساتھ واچ الٹرا کی بھی رونمائی کی ہے لیکن لوگوں کی توجہ کا مرکز نیکسٹ جنریشن کے آئی فون اور ایئر پاڈ ہی ہیں۔
امریکہ میں قائم کمپنی نے آئی فون ایس ای کے ساتھ 2017 میں ہندوستان میں آئی فونز کی تیاری شروع کی تھی۔ آج، ایپل ملک میں اپنے کچھ جدید ترین آئی فونز بناتا ہے جن میں آئی فون ایس ای، آئی فون 12، آئی فون 13 اور اب آئی فون 14 شامل ہیں۔
کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کی ایک رپورٹ کے مطابق، 2021 میں ہندوستان میں مقامی طور پر تیار کردہ آئی فونز کی سالانہ پیداوار میں 196 فیصد اضافہ ہوا۔ مزید یہ کہ گزشتہ سال ہندوستان میں آئی فون کی کھیپوں میں سے صرف 23 فیصد درآمد کی گئی، جو کہ 2019 میں 64 فیصد درآمدات سے نمایاں کمی ہے۔
جے پی مورگن کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپل 2022 کے آخر تک آئی فون 14 کی عالمی پیداوار کا 5 فیصد ہندوستان منتقل کرے گا اور 2025 تک تمام آئی فونز کا 25 فیصد بنانے کے لیے ملک میں اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھا دے گا۔
ایپل ملک میں فون بنانے والا واحد بڑا برانڈ نہیں ہے، اس کے حریف سام سنگ نے ہندوستان میں اپنی ایک بڑی فیکٹری لگا رکھی ہے۔ اس کے علاوہ، ویوو،اوپو اور ون پلس سمیت کئی بڑی کمپنیاں بھی ملک میں اپنے بہت سے ہینڈ سیٹس کو مقامی طور پر اسمبل کرتے ہیں۔
گوگل کا بھی امکان ہے کہ وہ پکسل اسمارٹ فونز کے کچھ پروڈکشن کو ہندوستان منتقل کردے گا۔ گوگل نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ وہ آئندہ پکسل 7 ماڈلز کو ہندوستان میں لانچ کرے گا۔
ایپل نے ستمبر 2020 میں ملک میں اپنا آن لائن اسٹور شروع کیا
حالیہ مینوفیکچرنگ کی توسیع ملک میں ایپل کے کئی اقدامات پر مبنی ہے، بشمول بنگلورو میں ایپ ڈیزائن اور ڈیولپمنٹ ایکسلریٹر اور مقامی تنظیموں کے ساتھ پروگرامز تاکہ کمیونٹیز کے لیے قابل تجدید توانائی کی تربیت اور ترقی میں مدد کی جاسکے۔
کیا ملک میں ہندوستان میں بنا آئی فون 14 سستا ہوگا؟
ایپل روایتی طور پر اپنی مصنوعات تیار کرنے کے لیے چین پر انحصار کرتا رہا ہے، لیکن امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی دشمنیوں کو دیکھتے ہوئے، وہ اب متبادل مینوفیکچرنگ مقامات کی طرف دیکھ رہا ہے۔
اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہندوستان میں بنے آئی فونز ملک میں سستے ہوں گے کیونکہ یہ صرف یہاں اسمبل ہوں گے اور زیادہ تر پرزے ابھی بھی درآمد کیے جائیں گے جن پر ایپل 20 فیصد درآمدی ڈیوٹی ادا کرے گا۔
درآمدی ٹیکس کے ساتھ ساتھ، دیگر اخراجات بھی ہیں، جیسے کہ 18فیصد جی ایس ٹی ، ایپل کا منافع مارجن، اور درآمدی ڈیوٹی۔ اس کے نتیجے میں مقامی طور پر تیار ہونے والے آئی فونز کی قیمت اب بھی مہنگی ہوگی۔
یہ ایک وجہ ہے کہ آئی فون ایس ای، آئی فون 11 اور آئی فون 12 کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی۔
آئی فون 14 کی قیمت 79,900 روپے بیس 128جی بی ویرینٹ کے لیے ہے۔ یہ فون 256جی بی اور 512جی بی ماڈلز میں بھی آتا ہے جن کی قیمت بالترتیب 89,900 روپے اور 1,09,900 روپے رکھی گئی ہے۔
ہندوستان کے لیے مقامی طور پر بنائے گئے آئی فونز کا کیا مطلب ہے؟
ہندوستان دنیا کا دوسرا سب سے بڑا اسمارٹ فون مارکیٹ ہے اور اس کی مانگ کو دیکھتے ہوئے، ایپل کے لیے یہاں مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو بڑھانا سمجھ میں آتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، مقامی طور پر اسمبل کردہ آئی فون 14 ماڈلز ایپل کے میک ان انڈیا کے منصوبوں کو فروغ دیں گے۔
ایپل طویل عرصے سے اپنے آئی فونز کے مینوفیکچرنگ بیس کے طور پر چین پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، دوسری طرف، ہندوستان اپنے میک اِن انڈیا اقدام کو فروغ دینے کے لیے کمپنیوں کے لیے امدادی اقدامات کر رہا ہے۔
پی ایل آئی اسکیم کے ساتھ اس کا مطلب ہے کہ ہندوستان ایک بڑے مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر ابھرنا چاہتا ہے۔ ہندوستان میں آئی فون بنانے والے تینوں تائیوان ایپل سپلائرز نے پی ایل آئی اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔
میڈ ان انڈیا یونٹس آئی فون کی مقامی مانگ کا 85فیصد پورا کریں گے، جو 2022 میں ریکارڈ بلندیوں کو چھو رہے ہیں، جو پچھلے سال صرف 10-15فیصد تھی۔ اس کے علاوہ، ہندوستانی کارخانوں سے اس سال عالمی سطح پر فروخت ہونے والے تمام آئی فونز کا 5-7فیصد ہونے کی امید ہے۔ 2021 میں ہندوستان کا حصہ 3 فیصد سے کچھ زیادہ تھا اور 2020 میں یہ تعداد 1.5 فیصد سے کم تھی۔
اس کے علاوہ، اس سے ملازمت کے مواقع بھی کھلیں گے کیونکہ صرف سریپرمبدور فاکسکن پلانٹ میں تقریباً 18,000 کارکنان ہیں جن میں سے 11,000 سے زیادہ خواتین ہیں۔ وبائی امراض کے آغاز سے پہلے ویسٹرون کے کارکنوں کی تعداد صرف 2,000 سے بڑھ کر 9,000 ہو گئی ہے۔
یاد رہے ستمبر کے شروع میں ایپل کی جانب سے امریکہ میں آئی فون 14 کی رونمائی کی گئی تھی جس میں ایمرجنسی سیٹلائٹ کنکٹیویٹی اور کار کریش ڈٹیکشن ٹیکنالوجی بھی موجود ہے۔ کمپنی کی جانب سے اپنے ہیڈکوارٹرز میں اس فون کے چار ورژن متعارف کروائے گئے ہیں اور اس تقریب کے دوران عالمی وبا کے آغاز کے بعد سے پہلی مرتبہ عام لوگوں کو شریک ہونے کی اجازت تھی۔
آئی فون 14
کمپنی کی جانب سے آئی فون 14 دو سائزز میں متعارف کروایا گیا یعنی آئی فون 14 اور آئی فون 14 پلس۔ ان نئے فونز میں سیٹلائٹ کے ذریعے ایمرجنسی کال بھیجنے کی صلاحیت ہے۔اس فون میں خلا میں موجود سیٹلائٹس سے متعلق معلومات ہوتی ہیں اور ڈیوائس کو ان کی جانب صحیح انداز میں پوائنٹ کرنے کے بارے میں بھی بتایا جاتا ہے۔
اس کے ذریعے ایک پیغام بھیجنے میں 15 سیکنڈز سے لے کر چند منٹ تک لگتے ہیں۔ سی سی ایس انسائٹ میں چیف اینالسٹ بین ووڈ بتاتے ہیں کہ ’سیٹلائٹ سے متعلق صلاحیت کو اس میں شامل کرنے حوالے سے کی گئی سرمایہ کاری کو کسی صورت ہلکا نہیں لیا جا سکتا۔
آئی فون 14 پرو
آئی فون 14 پرو اور آئی فون 14 پرو میکس کے ڈیزائن میں سب سے بڑی تبدیلی اس کی سکرین کے اوپری حصے میں کی گئی ہے۔
ایک نیا فیچر ’ڈائنیمک آئی لینڈ‘ متعارف کروایا گیا ہے اور یہ بلیک نوچ کی جگہ لایا گیا ہے جس کے بارے میں اکثر آئی فون صارفین شکایت کر چکے ہیں۔ یہ نوٹیفیکشنز کی بنیاد پر اپنی شکل تبدیل کر دیتا ہے۔
دوسری بڑی تبدیلی یہ ہے کہ یہ فون ہمیشہ چالو رہ سکتا ہے۔ جب فون کو استعمال نہیں کیا جا رہا ہوتا تو اس سکرین کی روشنی مدھم پڑ جاتی ہے اور اس کا ریفریش ریٹ کم ہو جاتا ہے۔
یہ ہینڈ سیٹ گہرے جامنی رنگ، سیاہ، سلور اور گولڈ میں بھی دستیاب ہے۔ آئی فون 14 پرو کی قیمت امریکہ میں 999 ڈالر جبکہ برطانیہ میں 1099 پاؤنڈ ہے۔
کریش ڈیٹیکشن اور ایمرجنسی ایس او ایس ویا سیٹلائٹ کیا ہے؟ آئی فون پر کریش ڈیٹیکشن کا یہ فیچر کسی سڑک حادثے کی صورت میں صارف کی حالت بگڑنے یا آئی فون تک رسائی نہ ہونے کی صورت میں خودکار طریقے سے ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کر سکتا ہے۔
آئی فون 14 کیمرہ
ایپل کے جانب سے آئی فون 14 کے نئے 12 میگاپکسل کیمرے کی بھی رونمائی کی گئی جو تیزی سے حرکت کرنے والی چیزوں کی تصاویر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ انتہائی کم روشنی میں تصویر بنانے میں گذشتہ فونز سے 49 فیصد بہتر ہے۔ اس کے فرنٹ کیمرے میں آٹو فوکس کی آپشن بھی شامل کی گئی ہے جس سے سیلفیز کی کوالٹی بہتر ہو گی۔ ایپل کے مطابق آئی فون صارفین نے گذشتہ 12 ماہ کے دوران تین کھرب سے زیادہ تصاویر بنائی ہیں۔