ہندوستان سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا بڑا سٹیل پروڈیوسر ہے: گولڈمین سیکس

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-05-2026
ہندوستان سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا بڑا سٹیل پروڈیوسر ہے: گولڈمین سیکس
ہندوستان سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا بڑا سٹیل پروڈیوسر ہے: گولڈمین سیکس

 



نئی دہلی
گولڈمین سیکس کی جانب سے جاری تازہ ترین رپورٹ ’’گلوبل اسٹیل: دی اسٹیل مارکیٹ بیرو میٹر - مئی اپڈیٹ‘‘ کے مطابق، ہندوستان دنیا کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے بڑے اسٹیل پیدا کرنے والے ملک کے طور پر اپنی پوزیشن مسلسل مضبوط کر رہا ہے۔ مارچ 2026 میں خام اسٹیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ درج کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی اسٹیل صنعت میں ملے جلے رجحانات کے باوجود، ہندوستان کا اسٹیل سیکٹر بیشتر بڑے عالمی بازاروں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق، مارچ میں ہندوستان کی خام اسٹیل پیداوار کی شرح نمو بڑھ کر 11 فیصد (سال بہ سال) ہو گئی، جبکہ سال کے آغاز سے اب تک یہ شرح 10 فیصد اور فروری میں 7 فیصد تھی۔
یہ مضبوط ترقی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ہندوستان عالمی اسٹیل نظام میں ایک اہم طلب اور پیداوار کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، ایسے وقت میں جب کئی بڑی معیشتیں صنعتی پیداوار میں سستی اور اسٹیل کی مانگ میں کمزوری کا سامنا کر رہی ہیں۔گولڈمین سیکس کی رپورٹ میں ہندوستان کی کارکردگی کا دیگر خطوں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ جاپان اور بحیرہ اسود کے خطے میں خام اسٹیل کی پیداوار میں بالترتیب 4 فیصد اور 3 فیصد (سال بہ سال) کمی درج کی گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ چین، جو دنیا کا سب سے بڑا اسٹیل پیدا کرنے والا ملک ہے، اب بھی پیداوار سے متعلق دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، مئی کے پہلے دو ہفتوں میں چین کی اسٹیل پیداوار میں سال بہ سال کمی جاری رہی، جو 2025 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 3.2 فیصد کم رہی۔
گولڈمین سیکس نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ چین کی طویل مدتی اسٹیل صلاحیت میں کمی کی حکمتِ عملی اب بھی برقرار ہے، لیکن اس کے نفاذ کی رفتار اس سال سست پڑ گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ چینی اسٹیل سیکٹر کے لیے ’اینٹی اِنوالووشن‘ یعنی ضرورت سے زیادہ مقابلہ آرائی کے خلاف اقدامات اور طویل مدتی صلاحیت میں کمی کی منصوبہ بندی اب بھی موجود ہے، لیکن 2026 میں اس کے نفاذ میں تاخیر دیکھی جا رہی ہے۔
صنعتی ماہرین کا ماننا ہے کہ ہندوستان میں مضبوط بنیادی ڈھانچے کے منصوبے، مینوفیکچرنگ سرگرمیوں میں توسیع اور گھریلو کھپت میں مضبوطی اسٹیل کی مانگ کو برقرار رکھنے میں مدد دے رہی ہے۔رپورٹ میں اسٹیل کی قیمتوں اور پیداوار سے متعلق عالمی رجحانات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اپریل کے دوران کئی خطوں میں فلیٹ اور لانگ اسٹیل مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ ہندوستان ان چند بڑی معیشتوں میں شامل رہا جہاں مضبوط طلب کے ساتھ پیداوار میں مسلسل اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
یہ نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ہندوستان بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری، شہری ترقی، آٹوموبائل مینوفیکچرنگ اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں پر مسلسل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ماہرین کے مطابق ان تمام شعبوں سے مستقبل میں اسٹیل کی کھپت میں مزید اضافہ ہونے کی امید ہے۔خام اسٹیل کی پیداوار میں ہندوستان کی مسلسل ترقی ملک کو عالمی اسٹیل مانگ کے سب سے اہم محرکات میں شامل کر رہی ہے۔