اسٹاك ماركیٹ میں زبردست گراوٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-03-2026
اسٹاك ماركیٹ میں زبردست گراوٹ
اسٹاك ماركیٹ میں زبردست گراوٹ

 



نئی دہلی
پیر (9 مارچ 2026) کو ہفتے کی شروعات ہندوستانی شیئر بازار کے لیے بھاری گراوٹ کے ساتھ ہوئی۔ مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے خدشات نے دنیا بھر کے مالیاتی بازاروں میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ اس کا براہِ راست اثر ہندوستان کے بازار پر بھی دیکھنے کو ملا۔ بازار کھلتے ہی دونوں بڑے اشاریے تیزی سے نیچے گر گئے۔ ابتدائی کاروبار میں نفٹی 50 تقریباً 500 سے زیادہ پوائنٹس جبکہ بی ایس ای سینسیکس 1800 سے زیادہ پوائنٹس گر گیا۔ خام تیل کی قیمتوں میں تیز اضافے نے سرمایہ کاروں کی تشویش کو مزید بڑھا دیا ہے۔ بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشیدگی کے درمیان بازار میں فروخت کا دباؤ حاوی ہے اور سرمایہ کار محتاط نظر آ رہے ہیں۔
بازار کھلنے کے چند ہی منٹ بعد گراوٹ اور زیادہ تیز ہو گئی اور نفٹی 700 سے زیادہ جبکہ سینسیکس 2300 سے زیادہ پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتا دکھائی دیا۔یہاں تک کہ وسیع اشاریے بھی 2 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ کے ساتھ کھلے۔ نفٹی بینک 1,550 پوائنٹس یا 2.68 فیصد گر کر 56,234 پر کھلا، جبکہ نفٹی مڈکیپ 100 1,238 پوائنٹس یا 2.16 فیصد گر کر 56,155 پر کھلا۔
خام تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ
فی بیرل 114 ڈالر سے اوپر پہنچنے والی خام تیل کی قیمتوں کا کئی شیئروں پر وسیع اثر پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں  کو اس تیز اضافے سے بڑا جھٹکا لگ سکتا ہے۔ایران کے ساتھ جنگ کے شدت اختیار کرنے کے دوران خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر سے آگے نکل گئیں۔ شکاگو، 9 مارچ (اے پی) کے مطابق ایران جنگ کے درمیان تیل کی قیمتیں 2022 کے بعد پہلی بار 114 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں۔ بین الاقوامی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت 114 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جو جمعہ کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔ جمعہ کو تیل کی قیمت 92.69 ڈالر فی بیرل تھی۔ ایران جنگ دوسرے ہفتے میں بھی جاری رہنے کی وجہ سے کئی ممالک اور علاقے اس کے اثر میں آ گئے ہیں، جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ خلیج فارس کے وہ ممالک اور مقامات جو تیل اور گیس کی پیداوار اور ترسیل کے لیے نہایت اہم ہیں، اس کشیدگی سے متاثر ہو رہے ہیں۔
تازہ نومورا رپورٹ کے مطابق، خام تیل کی قیمتوں میں تیز اضافے اور ڈیزل کریك اسپریڈ بڑھنے کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فیول مارکیٹنگ مارجن پر شدید اثر پڑا ہے اور یہ جولائی 2022 کے بعد اپنی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت اوسط (بلینڈڈ) مارکیٹنگ مارجن تقریباً 19.8 روپے فی لیٹر کے نقصان پر ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی اندازہ لگایا گیا ہے کہ ہندستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ  کے لیے مجموعی مارجن منفی ہو سکتے ہیں کیونکہ کمپنی کے فیول مارکیٹنگ والیوم میں حصہ زیادہ ہے اور اس شعبے میں مارجن اس وقت کافی کمزور ہیں۔