انفراسٹرکچر اور انٹیلی جنس ہندوستان کی ترقی کے دو انجن ہیں: اڈانی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-06-2026
انفراسٹرکچر اور انٹیلی جنس ہندوستان کی ترقی کے دو انجن ہیں: اڈانی
انفراسٹرکچر اور انٹیلی جنس ہندوستان کی ترقی کے دو انجن ہیں: اڈانی

 



نئی دہلی
اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے کہا ہے کہ انفراسٹرکچر اور انٹیلی جنس دو ایسے عالمی محرکات ہیں جو ہندوستان کی طاقت کو نئی شکل دیں گے، اس کی خودمختاری کو مضبوط بنائیں گے اور اسے اس صدی کی نمایاں عالمی قوتوں میں شامل ہونے کی جانب تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔
گروپ کی 34ویں سالانہ جنرل میٹنگ  2026 سے خطاب کرتے ہوئے اڈانی نے کہا کہ اب یہ دونوں ترجیحات الگ الگ نہیں رہیں۔ ان کے مطابق انفراسٹرکچر قومی طاقت فراہم کرتا ہے جبکہ انٹیلی جنس برتری اور مہارت حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران گروپ نے ہارڈ انفراسٹرکچر میں 1.5 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی، جو اس عرصے میں ہندوستان کے نجی شعبے کے مجموعی نئے سرمایہ جاتی اخراجات کا 30 فیصد سے زیادہ بنتی ہے۔
گوتم اڈانی نے کہا کہ کسی بھی گروپ کی تاریخ میں کچھ سال ایسے ہوتے ہیں جو محض سنگِ میل نہیں ہوتے بلکہ فیصلہ کن ثابت ہوتے ہیں۔ یہ وہ سال ہوتے ہیں جو عزم کی طاقت، مشکلات کا سامنا کرنے کی صلاحیت اور غیر یقینی حالات میں بھی تعمیر و ترقی کے جذبے کو ظاہر کرتے ہیں۔ مالی سال 2025-26 ہمارے گروپ کے لیے ایسا ہی ایک سال تھا۔
انہوں نے عالمی غیر یقینی صورتحال اور سخت بیرونی نگرانی کے باوجود گروپ کی مضبوطی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترقی پُرسکون حالات میں نہیں ہوئی بلکہ غیر معمولی جانچ پڑتال کے ماحول میں حاصل کی گئی۔ اس کے باوجود ہم نہ جھکے اور نہ رکے، کیونکہ ہماری شناخت ہمارے اردگرد کے شور سے نہیں بلکہ ہمارے ردِعمل کی قوت سے بنتی ہے۔
اڈانی نے بتایا کہ گروپ نے مالی سال 2025-26 میں مثبت مالیاتی ترقی درج کی، جس کے تحت اس کے مجموعی پورٹ فولیو کی آمدنی بڑھ کر 2.92 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو سالانہ بنیاد پر 7.4 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔گروپ کا ای بی آئی ٹی ڈی اے  94,834 کروڑ روپے رہا، جبکہ نیٹ ڈیٹ ٹو ای بی آئی ٹی ڈی اے تناسب 3.3 گنا برقرار رہا۔
ٹیکس کے بعد منافع 13.9 فیصد اضافے کے ساتھ 46,376 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، جبکہ 67,995 کروڑ روپے کے کیش فلو نے بنیادی انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے درکار مالی روانی فراہم کی۔
کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اڈانی نے بتایا کہ اڈانی انرجی سلوشنز کا ٹرانسمیشن آرڈر بک بڑھ کر 72,000 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔اڈانی پاور آئندہ پانچ برسوں میں 45 گیگاواٹ پیداواری صلاحیت حاصل کرنے کے لیے 2 لاکھ کروڑ روپے کے سرمایہ جاتی اخراجاتی پروگرام پر عمل کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گروپ نے بھوٹان کی ڈروک گرین پاور کارپوریشن کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے 5,000 میگاواٹ کے ہائیڈرو پاور منصوبوں کی ترقی کا معاہدہ کیا ہے۔اس کے علاوہ اڈانی اٹامک انرجی بھی قائم کی گئی ہے، جس کا ہدف 2035 تک 10 گیگاواٹ صاف توانائی کی صلاحیت حاصل کرنا ہے۔
لاجسٹکس اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبے میں اڈانی پورٹس نے مالی سال 2025-26 کے دوران 500 ملین ٹن سے زائد کارگو ہینڈل کیا۔وزنجم بندرگاہ نے اپنے پہلے ہی سال میں 1 ملین ٹی ای یو کا سنگِ میل عبور کر لیا۔
ڈیٹا سینٹر کے شعبے میں بھی گروپ 2030 تک 3 گیگاواٹ پلیٹ فارم قائم کرنے کی سمت پیش رفت کر رہا ہے، جس میں وشاکھاپٹنم میں گوگل کے ساتھ گیگاواٹ سطح کے مفاہمتی معاہدےکو بھی شامل کیا گیا ہے۔اڈانی نے بتایا کہ گروپ رواں سال نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور گوہاٹی ایئرپورٹ کے نئے مربوط ٹرمینل کو بھی فعال کرنے جا رہا ہے، جو ملک کے ہوابازی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔