کولکتہ کی 'حجابی بائیکر' علیمہ رحمان کی متاثر کن کہانی
Story by اے این آئی | Posted by Aamnah Farooque | Date 31-03-2026
کولکتہ کی 'حجابی بائیکر' علیمہ رحمان کی متاثر کن کہانی
سمپی چکرابورتی پورکایستھا
اب کولکتہ کی مصروف سڑکوں پر حجاب پہنے ایک نوجوان لڑکی کو اعتماد کے ساتھ موٹر سائیکل چلاتے دیکھنا کوئی حیرت کی بات نہیں رہی۔ شہر کے لوگ اسے ایک ہی نام سے جانتے ہیں“حجابی بائیکر”۔ یہ کوئی اور نہیں بلکہ علیمہ رحمان ہیں، جو ایک عام متوسط مسلم گھرانے کی بیٹی ہیں، جن کی محنت، مستقل مزاجی اور خاندانی تعاون نے انہیں یہ منفرد شناخت دی۔
علیمہ کا موٹر سائیکل سے شوق بچپن ہی سے شروع ہوا۔ اپنے دادا کو بائیک چلاتے دیکھ کر ان میں دلچسپی پیدا ہوئی، جو آہستہ آہستہ جذبے میں بدل گئی۔ لیکن یہ سفر آسان نہیں تھا۔ ایک قدامت پسند مسلم خاندان میں لڑکی کا بائیک چلانا رشتہ داروں کے لیے قابلِ قبول نہیں تھا۔ پردہ دار گھرانے کی لڑکی کا سڑک پر بائیک چلانا کئی لوگوں کے لیے ناقابلِ تصور تھا۔
تاہم علیمہ کے والد عزیز الرحمن ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے۔ انہوں نے بیٹی کے خواب کو دبانے کے بجائے خود اس کے استاد بننے کا فیصلہ کیا۔ علیمہ نے 10-11 سال کی عمر سے ہی اپنے والد کی رہنمائی میں بائیک چلانا سیکھنا شروع کیا۔ گیئر سنبھالنا، کھلے میدانوں میں مشق کرنا۔ان کا اعتماد آہستہ آہستہ بڑھتا گیا۔
اس کے باوجود سماجی مخالفت ختم نہیں ہوئی۔ انہیں طنز، مذاق اور بعض اوقات ہراسانی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ جب بھی وہ باہر نکلتیں، لوگ تبصرے کرتے، لیکن علیمہ نے ہمت نہیں ہاری۔ خاموشی اور صبر کے ساتھ وہ اپنے مقصد کی طرف بڑھتی رہیں۔ ان کا ایک ہی ہدف تھا بائیک چلانا سیکھنا اور یہ ثابت کرنا کہ لڑکوں اور لڑکیوں میں کوئی فرق نہیں۔
آج بیس کی دہائی میں موجود علیمہ کولکتہ میں ایک پہچانی ہوئی شخصیت بن چکی ہیں۔ حجاب میں ان کی بائیک رائیڈنگ نے انہیں ایک الگ شناخت دی ہے۔ انہوں نے کبھی اپنے مذہب یا ثقافت سے دوری اختیار نہیں کی۔ وہ جب بھی باہر نکلتی ہیں حجاب پہنتی ہیں، اور اسی حجاب کے پیچھے ایک مضبوط ارادوں والی بائیکر کا اعتماد چھپا ہوتا ہے۔ سڑک پر نکلتے ہی ان کی نظریں صرف اپنے مقصد پر مرکوز رہتی ہیں۔
ان کے والد عزیز الرحمن کہتے ہیں کہ فطری بات ہے کہ میں بیٹی کے گھر لوٹنے تک فکر مند رہتا ہوں، نیند نہیں آتی، بار بار باہر دیکھتا ہوں۔ لیکن میں نے کبھی اس کی آزادی کو محدود نہیں کرنا چاہا۔ بیٹی کو قید نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا ماننا ہے کہ اعتماد اور حوصلے کے ساتھ بیٹیاں بھی اپنی راہیں خود بنا سکتی ہیں۔
علیمہ خود بھی اپنے والدین کے کردار کو تسلیم کرتی ہیں۔ ان کے مطابق، والدین کی مخالفت کر کے آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔ آپ کو انہیں سمجھانا ہوتا ہے اور باہمی سمجھداری کے ساتھ آگے بڑھنا ہوتا ہے۔ ترقی کے لیے والدین کی دعائیں ضروری ہیں۔
بائیک چلانے کے حوالے سے علیمہ کا پیغام واضح ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ آج بہت سی لڑکیاں آگے بڑھ رہی ہیں، جو خوش آئند بات ہے، لیکن حفاظت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ وہ تیز رفتاری اور لاپرواہی سے اوورٹیک کرنے سے بچنے کا مشورہ دیتی ہیں۔ ان کے مطابق صرف لڑکیاں نہیں بلکہ ہر کسی کو چاہے لڑکا ہو یا لڑکی ٹریفک قوانین کی پابندی کرنی چاہیے۔
کئی سالوں سے بائیک چلانے کے باوجود انہیں کبھی کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ ان کا ماننا ہے کہ احتیاط اور اصولوں پر عمل کر کے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔ یہی پیغام وہ دینا چاہتی ہیں کہ سڑک پر اپنی ہی نہیں بلکہ دوسروں کی حفاظت کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔
آج “حجابی بائیکر” علیمہ رحمان صرف ایک موٹر سائیکل سوار نہیں بلکہ ایک سماجی پیغام بن چکی ہیں۔ انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ایمان، ثقافت اور خواب ایک ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں۔