الفیہ پٹھان کا ناگپور کی گلیوں سے عالمی چیمپئن بننے تک کا سفر

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-03-2026
الفیہ پٹھان کا  ناگپور کی گلیوں سے عالمی چیمپئن بننے تک کا سفر
الفیہ پٹھان کا ناگپور کی گلیوں سے عالمی چیمپئن بننے تک کا سفر

 



غلام قادر، ناگپور
جب باکسنگ کے دستانے آپس میں ٹکراتے ہیں تو اس کی آواز صرف رنگ تک محدود نہیں رہتی بلکہ تاریخ کے صفحات میں گونجتی ہے۔ آج یہی گونج ناگپور کی 24 سالہ باکسر الفیہ پٹھان کے نام سے جانی جاتی ہے۔ جب الفیہ اپنے ابتدائی جدوجہد کے دنوں کو یاد کرتی ہیں تو ان کے چہرے پر معصوم سی مسکراہٹ آ جاتی ہے۔
وہ وہ دن یاد کرتی ہیں جب انہوں نے اپنے والد اکرم پٹھان سے باکسنگ سیکھنے کی ضد کی تھی۔ ایک قدامت پسند معاشرے میں اور ایک باپ کے طور پر بیٹی کی سلامتی کی فکر کے باعث انہوں نے ابتدا میں صاف انکار کر دیا تھا، لیکن بیٹی کی آنکھوں کی لگن نے آخرکار انہیں ماننے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے ایک شرط رکھی: "رنگ میں جو کچھ ہوگا، وہ میری آنکھوں کے سامنے ہوگا۔" اس دن سے آج تک الفیہ نے نہ صرف ناگپور اور مہاراشٹر کا نام روشن کیا بلکہ عالمی سطح پر ترنگا لہرا کر یہ ثابت کیا کہ مضبوط عزم کے سامنے ہر روایت ٹوٹ سکتی ہے۔
الفیہ کا سفر کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے اندر کا جذبہ ایک فلم سے ہی جاگا۔ ان کے بھائی شاکب پٹھان پہلے سے باکسنگ کرتے تھے اور انہیں رنگ میں لڑتے دیکھ کر الفیہ کے دل میں بھی خواہش جاگ اٹھی۔ اسی دوران پرینکا چوپڑا کی فلم میری کوم ریلیز ہوئی، جس نے ان کے اندر چھپی باکسر کو جگا دیا۔ مانکاپور اسپورٹس کمپلیکس میں لڑکیوں کو ٹریننگ کرتے دیکھ کر ان کی دلچسپی جذبے میں بدل گئی۔ تاہم راستہ آسان نہیں تھا۔ خاندانی روایات اور سماجی رکاوٹیں ان کے سامنے تھیں، لیکن انہوں نے ہر ممکن کوشش, منت سماجت سے لے کر مستقل مزاجی تک کر کے رنگ میں قدم رکھنے کی اجازت حاصل کی۔
۔81 کلوگرام زمرے میں کھیلنے والی الفیہ پٹھان اپنے منفرد انداز کے لیے جانی جاتی ہیں اور انہیں اکثر “ناگپور کی ڈریم گرل” اور “ہندوستانی باکسنگ کا نیا اسٹیل” کہا جاتا ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر اپنی پہچان اس وقت بنائی جب کالیسز میں منعقدہ اے آئی بی اے یوتھ ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتا۔ فائنل میں ان کا مقابلہ مالدووا کی یورپی چیمپئن داریا کوزوریز سے تھا، لیکن اس دن الفیہ نے 5-0 کے واضح فرق سے فتح حاصل کی۔ ان کی پھرتی، درست پنچ اور حریف کی کمزوریوں کو سمجھنے کی صلاحیت نے انہیں عالمی چیمپئن بنا دیا۔
الفیہ کی شخصیت کے دو پہلو ہیں۔ رنگ کے باہر وہ ایک معصوم لڑکی ہیں جسے بریانی پسند ہے اور فارغ وقت میں ڈرائنگ کرنا اچھا لگتا ہے۔ لیکن جیسے ہی وہ رنگ میں داخل ہوتی ہیں، ان کے چہرے پر غیر معمولی سنجیدگی اور عزم نظر آتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ رنگ کے اندر میں بے احساس ہو جاتی ہوں، کیونکہ باکسنگ نے مجھے اپنے رویے پر قابو پانا سکھایا ہے۔ ان کے پہلے کوچ گنیش پروہت کے مطابق وہ ایک مکمل ایتھلیٹ ہیں ۔ الفیہ کے سفر میں ان کے والد ہمیشہ ان کے ساتھ ڈھال بن کر کھڑے رہے۔ جو باپ کبھی باکسنگ کے خلاف تھا، وہی آج ہر دورے پر اپنی بیٹی کے ساتھ سائے کی طرح رہتا ہے۔ جب مہاراشٹر پولیس نے الفیہ کو اعزاز سے نوازا تو ان کے والد کی آنکھوں میں فخر اور مسکراہٹ ان کے لیے کسی بھی طلائی تمغے سے زیادہ قیمتی تھی۔
ان کے کیریئر کا ایک اہم موڑ 2018 میں سربیا میں جونیئر ویمنز نیشنل کپ تھا، جہاں انہوں نے چاندی کا تمغہ جیت کر عالمی سطح پر اپنی موجودگی درج کرائی۔ اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ 2019 میں ایشیائی جونیئر باکسنگ چیمپئن شپ میں قازقستان کی باکسر کو شکست دے کر سونے کا تمغہ جیتا اور اپنی کامیابیوں میں ایک اور سنگِ میل جوڑ دیا۔ وہ لیجنڈ باکسرز میری کوم اور نکہت زرین کو بہت عزت دیتی ہیں، لیکن ساتھ ہی ایک شکوہ بھی کرتی ہیں کہ سب لوگ میری کوم میم اور نکہت کی بات کرتے ہیں، مگر میرے جیسے کئی باکسر بھی ہیں جو خاموشی سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ نکہت زرین کے ساتھ ان کی گہری دوستی بھی کھیل کی حقیقی روح کی مثال ہے۔
۔18 فروری 2003 کو پیدا ہونے والی الفیہ نے صرف 14 سال کی عمر میں باکسنگ شروع کی۔ ہفتے میں 28 گھنٹے کی سخت ٹریننگ اور غربت جیسے چیلنجز نے ان کے عزم کو مزید مضبوط بنایا۔ آج وہ صرف ایک باکسر نہیں بلکہ ہزاروں لڑکیوں کے لیے ایک مثال ہیں جو روایتی رکاوٹوں کو توڑ کر اپنے خوابوں کو حقیقت بنانا چاہتی ہیں۔
جب ناگپور کی یہ بیٹی رنگ میں مکا مارتی ہے تو وہ صرف حریف کو نہیں بلکہ صدیوں پرانی اس سوچ کو بھی توڑتی ہے جو کہتی ہے کہ لڑکیاں باکسر نہیں بن سکتیں۔ اولمپکس میں کامیابی کا ہدف لے کر چلنے والی الفیہ پٹھان آج ہندوستانی کھیلوں کا ایک روشن ستارہ بن چکی ہیں، جس کی چمک آنے والے کئی برسوں تک برقرار رہے گی۔