یو پی ایس سی :سب ممکن ہے بس محنت شرط ہے۔ فیضان احمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-09-2021
ملک کو تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت: فیضان احمد
ملک کو تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت: فیضان احمد

 

 

شیخ محمد یونس، حیدرآباد

 فیضان احمد کو سیول سرویسس میں 58واں رینک

یوپی ایس سی سیول سرویسس 2020میں ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی حیدرآباد کے طالب علم فیضان احمد نے شاندار کامیابی حاصل کی۔فیضا ن احمد کو کل ہند سطح پر 58واں مقام حاصل ہوا۔ بہترین رینک کے حصول پرانہیں آئی اے ایس کیڈر کیلئے منتخب کرلیا گیا۔

ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی حیدرآباد

ملت کے نونہالوں کو ملک کی بیوروکریسی میں لانے کیلئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی اخلاص کے ساتھ کام کررہی ہے جس کے ثمر آور نتائج برآمد ہورہے ہیں۔سال 2017 میں ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کا قیام عمل میں لایا گیا اور ملت کے نوجوانوں کو دفتر شاہی کیلئے تیار کرنے کا بیڑہ اٹھایا گیا۔اکیڈیمی میں طلبہ کو معیاری کوچنگ قیام و طعام کے ساتھ مکمل طورپر مفت فراہم کی جاتی ہے۔سماجی ذمہ داری کے تحت ملت کے نونہالوں کیلئے ایم ایس کی خدمات مثالی ہے۔

اسکریننگ ٹسٹ اور ماہرین کے پیانل کے ذریعہ طلبہ کا انتخاب

ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی میں داخلہ کے خواہاں طلبہ کیلئے سارے ملک میں اسکریننگ ٹسٹ کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اور امتحان میں کامیاب طلبہ کو انٹرویو کیلئے طلب کیا جاتا ہے۔مستحق اور ضرورت مندطلبہ کو انٹرویو میں شرکت کیلئے آمد ورفت کے اخراجات بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔اسکریننگ ٹسٹ میں کامیاب طلبہ کی تین مرحلوں میں انٹرویو لی جاتی ہے۔پیانل میں ایک آئی اے ایس یا ایک آئی پی ایس آفیسر' ماہرتعلیم' ماہر نفسیات و دیگر موجود ہوتے ہیں جو میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کا انتخاب کرتے ہیںجنہیں اکیڈیمی کی جانب سے مفت تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

فیضان احمد کا تعلیمی سفر

فیضان احمد' ریاست راجستھان کے کوٹہ کے ساکن ہیں انہوں نے راجستھان ٹیکنیکل ایجوکیشن سے میکانیکل انجینئرنگ کی تکمیل کی۔ان کی زندگی کا مقصد سیول سرویسس تھا اپنی منزل مقصود کے حصول کیلئے فیضان احمد نے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔انہیں کل ہند سطح پر 58واں رینک حاصل ہوا ہے۔ فیضان احمد تعلیم یافتہ گھرانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ان کے والداحسان احمد ریلوے میں اسٹیشن سپروائزر ہیں۔فیضان احمد کی والدہ شاہیدہ بانو سائنس گریجویٹ ہیں ۔فیضان کے چھوٹے بھائی مضمون تاریخ میں ایم اے کر رہے ہیں جبکہ ان کی چھوٹی ہمشیرہ نورین صدف ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں۔

ایم ایس کے اسکریننگ ٹسٹ میں سرفہرست مقام

ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی میں داخلہ کیلئے ملک بھر میں منعقدہ اسکریننگ ٹسٹ میں فیضان احمد نے اول مقام حاصل کیا اور ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی میں تقریباً دو برس تک تربیت حاصل کی۔ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے ذمہ دار شاہد احمد نے بتایا کہ تربیت کے حصول کے بعد فیضان احمد چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر مکان لوٹ گئے بعد ازاں انہیں ایم ایس کی تربیت کی اساس پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ریسڈنشیل کوچنگ اکیڈیمی میں داخلہ حاصل ہوا۔شاہد احمد نے بتایا کہ ایم ایس کی جانب سے فیضان احمد کی بھر پور رہنمائی کی گئی۔سیول سرویسس کیلئے انٹرویو کے مرحلہ تک بھی ایم ایس اکیڈیمی فیضان احمد کے ساتھ کھڑی رہی۔انہوں نے بتایا کہ امسال یوپی ایس سی سیول سرویسس مینس میں ایم ایس آئی اے ایس کے چار طلبہ کامیاب ہوئے۔جبکہ چار کے منجملہ دو طلبہ انٹرویو کے مرحلہ میں کامیابی حاصل کی۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے صدرنشین محمد عبد اللطیف خان نے کہا کہ فیضان احمد نے مثالی کامیابی حاصل کی۔ ان کا شاندار مظاہرہ فی الواقعی ملت کے نوجوانوں آگے بڑھنے کی تحریک اور ترغیب پیدا کرے گا۔

ملک کو تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت

فیضان احمد نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عصر حاضر میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ملک کو شدید ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوان سیول سرویسس کی تیاری کریں اور ملک اور قوم کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

سیول سرویسس ناممکن نہیں

فیضان احمد نے بتایا کہ سیول سرویسس کے امتحانات میں کامیابی حاصل کر نا مشکل ضرور ہے لیکن نا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے سینئر ساتھیوں نے انہیں ایک نصیحت کی تھی جو ہمیشہ ان کے مد نظر رہی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ سیول سرویسس میں آ پ کی معلومات اور علم کی جانچ نہیں کی جاتی بلکہ آپ کے صبر اور ہدف کے تئیں جذبہ اور جستجو کو دیکھا جاتا ہے۔ فیضان احمد نے کہا کہ آپ سخت محنت اور جستجو کے ساتھ تیاری کریں گے اور ساتھ میں صبر بھی رکھیں گے تب آپ ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صبر کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منزل مقصود کے حصول تک لازمی طورپر جدوجہد کر نا چاہئے۔

ملک کے نظام میں مسلمانوں کے فیصد میں اضافہ ناگزیر

فیضان احمد نے کہا کہ سچر کمیٹی نے سال 2006میں اپنی رپورٹ پیش کی اس وقت ملک کے نظام میں صرف تین فیصد مسلمان تھے اور اب 15سال کا طویل عرصہ گزرجانے کے باوجود اعداد و شمار میں صرف ایک تا دیڑھ فیصد کا ہی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان آگے بڑھیں اور ملک کے سسٹم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ہی ترقی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ مسلمان تعلیم کو اپنا ہتھیار بنائیں ۔ انہوں نے تعلیم   کے بغیر ترقی کا تصور محال ہے۔

کامیابی میں ایم ایس کا اہم کردار

فیضان احمد نے بتایا کہ وہ سال 2018 میں انجینئر نگ کی تکمیل کے بعد سیول سرویسس کا ارادہ کئے۔ اس دوران وہ اپنے واٹس اپ گروپ پر ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کا اشتہار دیکھا جس میں طلبہ کو قیام و طعام کے ساتھ مفت کوچنگ کی فراہمی کا ذکر تھا ۔ بس میں نے اسکریننگ ٹسٹ کے لئے درخواست داخل کی اور سارے ہندوستان میں اول مقام حاصل کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایم ایس میں انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ ایم ایس کی بہترین رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں ان کی قابلیت میں کافی نکھار آیا۔ انہوں نے کہا کہ سیول سرویسس میں ان کی کامیابی میں ایم ایس کا اہم کردار ہے کیونکہ میرے دل میں سیول سرویسس کی جو چنگاری تھی اسے ایم ایس نے ایک شعلہ میں تبدیل کیا ۔

ذیابیطس کا مسئلہ

فیضان احمد نے بتایا کہ وہ ایم ایس میں کوچنگ کے دوران اچانک  ذیابیطس سے متاثر ہوگئے اور انہیں صحت کے مسائل پیدا ہونے لگے۔ فیضان نے صحت کے مسئلہ کی وجہ سے حیدرآباد سے دہلی کا رخ کیا اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ریسیڈنشیل کوچنگ اکیڈیمی میں داخلہ حاصل کیا۔ ایم ایس سے دہلی جانے کی اہم وجہ گھر سے قریب تعلیم کا حصول تھا تاکہ صحت کے مسئلہ کی صورت میں مشکلات پیش نہ آئیں ۔

دادا،دادی کا خواب شرمندہ تعبیر

فیضان احمد نے سیول سرویسس میں شاندار کامیابی پر پروردگار عالم کا شکر ادا کیا اور کہاکہ ان کے دادا حاجی لقمان احمد اور دادی ماں الحاجہ قمر النساء کا خواب تھا کہ وہ کلکٹر بن کر ملک اور قوم کی خدمت کریں۔ انہوں نے  ان کی کامیابی کو دادا ' دادی سے معنون کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دادا ' دادی سے بہت قریب تھے ۔ سیول سرویسس پریلمس سے ایک ماہ قبل ان کے دادا' دادی کا انتقال ہوگیااور وہ بہت زیادہ غمگین ہوگئے ۔ والدین اور دوستوں نے انہیں حوصلہ دیا اور ہمت افزائی کی۔ انہوں نے دادا ' دادی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔

تعلیمی شعبہ کی ترقی اور غربت کے خاتمہ کا عزم

فیضان احمد نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے تمام شعبہ جات پر برے اثرات مرتب ہوئے۔ شعبہ تعلیم بہت زیادہ متاثر ہو ا ہے۔ طلبہ کا کافی تعلیمی نقصان ہو ا ہے۔ وہ جو بھی ضلع میں میں خدمات انجام دیں گے وہاں ان مسائل کی یکسوئی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔ فیضان احمد نے کہا کہ بیروزگاری ' غربت ' رشوت ستانی اور فاقہ کشی جیسے مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئی اسکیمات یا پھر حکومت کی جانب سے جاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کے ذریعہ مذکورہ بالا مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن مساعی کریں گے۔ انہوں نے خواتین کی ترقی کے لئے بھی کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

نوجوانوں کے لئے پیغام

فیضان احمد نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دستیاب مواقع سے بھر پور استفادہ کریں اور اپنی زندگی کو تابناک اور درخشان بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتوں کے ساتھ ساتھ مختلف تنظیموں جیسے ایم ایس کی جانب سے سیول سرویسس کے امتحانات کی مفت کوچنگ فراہم کی جار ہی ہے ۔ نوجوان اس سے استفادہ کریں اور کامیابی کے حصول کے ذریعہ ملک کی ترقی اور تعمیر نو میں نمایاں کردار ادا کریں۔